خشک آلو بخارے ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں مددگار

لاہور: (نیوزڈیسک) عام خیال کیا جاتا ہے کہ دودھ ہڈیوں کو کمزور ہونے سے بچاتا ہے مگر خشک آلو بخارے بھی اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتے ہیں، یہ ہڈیوں کو 20 فیصد زیادہ مضبوط بناتے ہیں۔ طبی جریدے سائنٹیفک رپورٹس میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق خشک آلو بخارے بھی ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں اور یہ ہڈیوں

کو ریڈی ایشن سے تحفظ بھی فراہم کرتے ہیں۔ اس تحقیق کے دوران چوہوں کو آلو بخارے کا سفوف، اینٹی آکسائیڈنٹس کا مسکچر اور ابیوبروفین کا استعمال کرایا گیا اور پھر انہیں ریڈی ایشن سے گزار کر نتائج کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ آلو بخارہ ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے سب سے زیادہ موثر ہے جو ریڈی ایشن سے ہڈیوں پر پڑنے والے منفی اثرات کی روک تھام کرتا ہے۔ یہاں تک کہ جن چوہوں کو ریڈی ایشن سے متاثر نہیں کیا گیا مگر آلو بخارے کھلائے گئے، ان کی ہڈیاں بھی پہلے کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ مضبوط ہوگئیں۔ تحقیق میں کہا گیا کہ آلو بخارے کو روزمرہ کی غذا میں شامل کرنا کوئی نقصان بھی نہیں پہنچاتا تاہم زیادہ مقدار میں کھانے سے گریز کرنا چاہیے۔ آلو بخارہ صرف مزیدار پھل ہی نہیں بلکہ متعدد طبی فوائد کا حامل بھی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں