اپنے حسن سے کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی ایشوریا رائے کا ماضی بہت دلچسپ رہا ہے۔ ان کی کالج کے زمانے کی دوست شیوانی نے بتایا کہ ایشوریا کالج کے دنوں میں اپنے حسن اور خوبصورتی کے باعث بے حد مشہور تھیں تاہم انہوں نے اپنے ملکوتی حسن کو کبھی بھی اپنے سر پر سوار نہیں کیا، اس کے علاوہ ایشوریہ ہمیشہ اپنی تعلیم کو نہایت سنجیدہ لیتی تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایشوریا رائے کی کالج کی دوست شیوانی نے ان کے بارے میں چند دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ کہ وہ اور ایشوریا ممبئی کے جے ہند کالج میں زیر تعلیم تھیں اور اس وقت ایشوریا کالج کی سب سے حسین لڑکی ہوا کرتی تھیں یہاں تک کہ کالج کے لڑکے انہیں دیکھنے کے لیے گھنٹوں گیٹ پر قطار لگائے کھڑے رہتے تھے۔
شیوانی نے مزید کہا کہ ایشوریا کالج کے دنوں میں عام لوگوں کی طرح لوکل ٹرین میں سفر کیا کرتی تھیں، ہم ایک ساتھ کالج جایا کرتے تھے لیکن صورتحال اس وقت دلچسپ ہوجاتی تھی جب راستے میں لڑکوں کے ساتھ لڑکیاں بھی ایشوریا کو دیکھنے کے لیے رک جایا کرتی تھیں لیکن ایشوریا ان لوگوں پر دھیان دئیے بغیر آگے بڑھ جاتی تھیں۔
شیوانی نے مزید کہا کہ کلاس روم میں ایشوریا رائے کے دوست پیچھے کی سیٹوں پر بیٹھتے تھے لیکن ایشوریا ہمیشہ آگے کی سیٹ پر بیٹھنا پسند کرتی تھیں کیونکہ وہ فزکس کے استاد کو ناراض نہیں کرنا چاہتی تھیں، ایشوریا پڑھائی میں بہت اچھی تھیں اس کے علاوہ وہ تمام ٹیچرز کی پسندیدہ اسٹوڈنٹ بھی تھیں۔
شیوانی نے مزید بتایا کہ فزکس کے ٹیچر کے کہنے پر ہی ایشوریا نے کالج میگزین کے لیے فوٹوشوٹ کروایا تھا، اس سب کے باوجود وہ ایک بےحد سلجھی ہوئی اور اچھی لڑکی تھی، ہر کوئی انہیں کالج کی خوبصورت لڑکی کہا کرتا تھا لیکن ایشوریا نے ثابت کیا کہ وہ کالج کی نہیں بلکہ دنیا کی خوبصورت لڑکی ہے۔
واضح رہے کہ ایشوریا رائے ان دنوں انیل کپور کے ساتھ فلم ’’پھنے خان‘‘ میں کام کر رہی ہیں، دونوں اداکار 17 سال بعدایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔