اچھی صحت کے لیے سب سے اہم ہے کہ صبح کا ناشتہ کیا جائے لیکن اکثر صبح دفاتر جانے والے افراد اور خاص طور پر طلباء وقت کی کمی کے باعث ناشتہ نہیں کرپاتے، ایسی صورت میں بادام صحت کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتے ہیں۔کیلیفورنیا یونیورسٹی کی ایک حالیہ تحقیق کے مطابق جو افراد ناشتہ ترک کردیتے ہیں، وہ اس کے بجائے بادام کھالیں تو یہ صحت کے
لیے مفید نسخہ ہے۔تحقیق کے مطابق بادام میں بھرپور غذائیت پائی جاتی ہے۔ اس میں چکنائی، پروٹین، وٹامن ای اور میگنیشئیم وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے جو جسم کو کمزوری سے دور رکھتے ہیں۔بادام کھانے سے بھوک مٹ جاتی ہے، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کنٹرول رہتا ہے اور ساتھ ہی وزن میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔اس تحقیق کے لیے فرسٹ ایئر کے نوجوان طلباء کے دو گروپ بنائے گئے جن میں سے ایک گروپ 30 طلباء جبکہ دوسرا 35 طلباء پر مشتمل تھا۔30 طلباء کو 8 ہفتوں تک ہر روز 56 گرام بادام ناشتے کے بجائے کھانے کی ہدایت کی گئی جو کہ 320 کیلوریز کے برابر ہیں جب کہ 35 طلباء کو اسنیک کھانے کا کہا گیا جو کہ 338 کیلوریز کے برابر ہوں۔تحقیق کے لیے ان طلباء پر 8 ہفتوں تک کڑی نظر رکھی گئی، جس کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی کہ اسنیکس کھانے والے طلباء کے مقابلے میں بادام کھانے والے طلباء میں ذیابیطس اور بلڈ پریشر متوازن رہا۔تاہم غذائی ماہرین کے مطابق اُصولاً ناشتہ کبھی ترک نہیں کرنا چاہیے لیکن اگر ایسا ہوجائے تو پھر باداموں سے بھی کام چلایا جاسکتا ہے، ہاں لیکن اسے معمول نہ بنائیں۔