برلن(ویب ڈیسک) جرمنی میں ایئرپورٹ پر ایک مسافر کی جامہ تلاشی لی گئی تو اس کی پتلون میں سے ایسی چیز نکل آئی کہ تلاشی لینے والوں کے بھی اوسان خطا ہو گئے۔ یو ایس اے ٹوڈے کے مطابق 43سالہ ملزم کو مشکوک سمجھ کر سکیورٹی عملہ الگ لے گیا اور اس کی جامہ تلاشی لی تو اس کی پتلون کے اندر سے زندہ سانپ نکل آیا۔ ملزم برلن ایئرپورٹ سے
اسرائیل کی پرواز پکڑنے والا تھا۔کسٹمز حکام کے مطابق مسافر کی پتلون سے برآمد ہونے والے سانپ کی لمبائی 40سینٹی میٹر(تقریباً1.3فٹ)تھی۔ مسافر نے سانپ کو کپڑے کی ایک تھیلی میں ڈال کر اپنے پتلون کے نیچے زیرجامے میں چھپا رکھا تھا۔رپورٹ کے مطابق سانپ کو ’ریپٹائل ریسکیو سٹیشن‘ (Reptile rescue station)پہنچا دیا گیا ہے جبکہ ملزم پولیس کی حراست میں ہے، جسے ممکنہ طور پر جرمانہ وصول کرکے رہا کر دیا جائے گا۔