نیویارک(ویب ڈیسک) انسانی خون پینے والی بلائیں’ ویمپائرز‘ قصے کہانیوں یا فلموں میں ہی دیکھنے سننے کو ملتی ہیں لیکن آپ یہ سن کر دنگ رہ جائیں گے کہ امریکہ میں ایک جوڑا ایسا ہے جو واقعی انسانوں کا خون پیتا ہے اور صرف رات کے وقت ہی گھر سے نکلتا ہے۔ دی مرر کے مطابق 31سالہ لوگن اور 30سالہ ڈیلے ساؤتھ نامی یہ جوڑا ٹیکساس کے شہر
آسٹن کا رہائشی ہے۔ انہوں نے اپنے جیسے لوگوں کا ایک گروپ بنا رکھا ہے جو رات کو نکلتے اور ایک جگہ اکٹھے ہو کر ایک دوسرے کا خون چوستے ہیں۔یہ لوگ فلمی ویمپائرز کی طرح سورج کی روشنی سے کتراتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ صرف رات کے وقت ہی گھر سے باہر آتے ہیں۔دی مرر کو انٹرویو دیتے ہوئے لوگن اورڈیلے نے بتایا کہ وہ رات شام 4 بجے بیدار ہوتے ہیں تاہم شام تک گھر میں ہی رہتے ہیں۔ رات 3بجے ہم ڈنر کرتے ہیں اور اندھیرا ختم ہونے سے پہلے گھر واپس پہنچ کر صبح 7سے 8بجے کے درمیان دوبارہ سو جاتے ہیں۔ہمارے گروپ میں اس وقت 60لوگ شامل ہیں اور وہ سبھی اسی طرح زندگی گزار رہے ہیں۔ہم رات کو کسی ایک جگہ پر اکٹھے ہوتے ہیں اور ایک دوسرے کا خون چوستے ہیں۔ہمارے گروپ کے کچھ قوانین ہیں۔ ان میں ایک یہ بھی ہے کہ کوئی بھی رکن کسی اجنبی شخص کا خون نہیں پئے گا۔ ہمارے گروپ میں ہر مذہب اور عقیدے کے لوگ شامل ہیں اورہمارا گروپ تیزی سے بڑھتا جا رہا ہے۔“ رپورٹ کے مطابق لوگن اور ڈیلے نے 2017
ءمیں شادی کی اور اب خود کو اس گروپ کے بادشاہ اور ملکہ کہتے ہیں۔