اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین چائنہ سلک روڈ گروپ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں چینی کمپنی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا۔ ملاقات میں وزیرخزانہ اسد عمر، وزیرہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ، خسروبختیار بھی شریک تھے۔ بتایا گیا ہے کہ چینی کمپنی نے ہاؤسنگ منصوبے میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا
اظہار کیا ہے۔چینی کمپنی کی جانب سے پاکستان میں تعمیر شدہ گھروں کے پلانٹس لگانے کی پیشکش کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ چینی کمپنی نے ہاؤسنگ منصوبے میں بھی سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے چینی کمپنی کی سرمایہ کاری کی دلچسپی کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کے تحت پاکستان میں کاروبار کے وسیع مواقع ہیں۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن امان اللہ کنرانی کررہے تھے۔ تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والے ایگزیکٹو ممبران بھی ملاقات میں شریک تھے۔ صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بار کی جانب سے وزیر اعظم کے وژن اور حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کو سراہتے ہوئے کہا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں وزیر اعظم نے جو قائدانہ کردار ادا کیا وہ قابل تحسین ہے۔صدر بار ایسوسی ایشن نے وکلا برادری کو درپیش مسائل سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ وکلاء کے وفد نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ اعلی عدلیہ میں ججز کی تقرری کا عمل قابلیت اور
شفافیت پر مبنی بنایا جائے تاکہ تجربہ کار اور اہل وکلا کو ان اہم مناصب پر اپنی خدمات انجام دینے کے مناسب مواقع میسر آئیں۔ وزیراعظم نے بار کی درخواست پر بار ممبران خصوصاً عمر رسیدہ وکلا کے لئے صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے وکلا کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی کے لئے حکومت مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین بھی موجود تھے۔