”یہ بہت ہی مایوس کن تھا ایشوین، تمہیں اس گھٹیا حرکت کیلئے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا“ پی ایس ایل کو ناکام بنانے کی کوشش میں بھارتیوں کی آئی پی ایل متنازعہ ہوگئی، ایشوین کی گری ہوئی حرکت نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو غصہ چڑھا دیا

نئی دہلی (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو ناکام بنانے والے بھارتیوں کی اپنی انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) تنازعہ کا شکار ہو گئی ہے اور معروف انڈین باؤلر روی چندرن ایشوین کی میچ کے دوران کی گئی ’ مین کیڈ‘ حرکت کو انتہائی گھٹیا قرار دیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل میں راجستھان رائلز کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کے 185

رنز کے ہدف کے تعاقب میں 12 اوورز کے دوران 1 وکٹ کے نقصان پر 105 رنز بنا چکی تھی۔ روی چندرن ایشوین اپنا آخری اوور کرانے آئے تو پانچویں گیند کرانے کیلئے جیسے ہی وکٹیں کراس کیں، جوز بٹلر بھی کریز سے نکل گئے مگر ایشوین نے گیند پھینکنے کے بجائے انہیں رن آؤٹ کر دیا۔اس موقع پر ایشوین اور بٹلر کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی جس پر امپائر نے بیچ بچاؤ کرایا اور آئی پی ایل کی تاریخ میں ’مین کیڈ‘ کا گھٹیا عمل دہرانے والے پہلے باؤلر بن گئے۔ اگرچہ کرکٹ قوانین میں اس بات کی اجازت ہے مگر اخلاقی طور پر اس حرکت کو برا سمجھا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ سابق آسٹریلین کرکٹر شین وارن بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔انہوں نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ”بطور کپتان اور شخصیت مجھے ایشوین سے سخت مایوسی ہوئی ہے۔ آئی پی ایل ٹیم کا ہر کپتان ’کھیل کی روح‘ کے مطابق کھیلنے کے معاہدے پر دستخط کرتا ہے۔ روی ایشوین گیند کرانے کا ارادہ ہیں نہیں رکھتا تھا لہٰذا اسے ڈیڈ بال قرار دینا چاہئے تھا ۔۔۔ اب یہ تم پر ہے بی سی سی آئی، آئی پی ایل کیلئے یہ کوئی اچھی بات نہیں ہے۔“شین وارن نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا ”ایک ٹیم

کے کپتان ہونے کی حیثیت سے آپ وہ معیار طے کرتے ہیں جس کے مطابق آپ کی ٹیم کھیلنا چاہتی ہے اور جس کیلئے ٹیم مقابلہ کرے گی!اس طرح کی شرمناک اور گھٹیا حرکت کیوں کرتے ہو جیسا کہ آج کے میچ میں کی گئی؟ تمہیں اپنے آپ میں رہنا چاہئے اور ہاں مسٹر ایشوین! تمہاری اطلاع کیلئے عرض ہے کہ معافی مانگنے کا وقت گزر گیا، تمہیں ہمیشہ اس گھٹیا حرکت کیلئے یاد رکھا جائے گا۔“

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں