اسلام آباد (نیوزڈیسک) تین ممالک پاکستان کو آسان شرائط پر قرضہ دینے کیلئے راضی ہوگئے، سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات سے مالی تعاون کے حصول کیلئے مذاکرات کا سلسلہ جاری، اگلے 2 سے 3 ہفتوں میں تمام معاملات طے ہو جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ کے درمیان کم شرح سود پر قرض کے
حصول کیلئے مذاکرات آگے بڑھ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف میں طویل مدت میں ادائیگی کے قرضے پر بات ہو رہی ہے۔ جبکہ دوسری جانب چین بھی آئی ایم ایف پروگرام کے حصول کیلئے پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔ جبکہ پاکستان اپنے لیے کئی آپشنز کھلی رکھنے کیلئے سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات سے مالی تعاون پر مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ ذرائع کے مطابق تین ممالک پاکستان کو آسان شرائط پر قرضہ دینے کیلئے راضی ہوگئے ہیں۔ سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات سے آسان شرائط پر مالی تعاون کے حصول کیلئے پاکستان کی جانب سے مذاکرات کیے جا رہے ہیں۔ اس بات کا اشارہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے بھی دیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ کوشش ہے کہ دوست ممالک سے مالی تعاون حاصل ہو جائے، ایسا ہونے کی صورت میں آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے مالی تعاون کے حصول کیلئے معاملات اگلے 2 سے تین ہفتوں میں طے ہو جائیں گے۔ وزیراعظم 22 اکتوبر کو دوبارہ سعودی عرب
کے دورے پر جائیں گے، جبکہ 3 نومبر کو چین کے دورے پر جائیں گے۔ اسی دوران مالی تعاون کی فراہم کے معاملات طے ہو جائیں گے۔