اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہاہے کہ تحریک انصاف ملک لوٹنے والوں کے لئے واقعی تحریک انتقام ہے ، سندھ میں جوکچھ بھی ہوگا آئین کے مطابق ہوگا ، ہم پاکستان کے دفاع کیلئے کسی بھی صوبے کی سرزمین پر قدم رکھ سکتے ہیں، گورنر سندھ کوئی ربڑ سٹیمپ نہیں ، وہ صوبے میں وفاق کا نمائندہ ہے۔نجی
ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ پاکستان کے لئے جتنا آئین اور پاک فوج ضروری ہے اتنا زیادہ ہی پاکستان کے لئے بڑی سیاسی جماعتوں کا ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اٹھارویں ترمیم پر پورا پورا یقین رکھتی ہے ، فواد چودھری ترجمان ہیں وہ خود سے کوئی بات نہیں کرتے ، سندھ میں مس گورننس ہے ، پانی ، کے الیکٹرک اور تھر کے مسائل ہیں، وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے اختیارات میں کوئی کمی نہیں کرے گی اور نہ ہی ان کے اختیارات میں کمی کا سوچا جا سکتاہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سندھ حکومت کوساتھ لیکر چلیں گے ، یہ کوئی معاملہ ہی نہیں کہ صوبے میں آئی جی کون ہے اور مرکز میں حکومت کون کررہاہے انہوں نے کہا کہ سندھ میں جوکچھ بھی ہوگا آئین کے مطابق ہوگا ، ہم پاکستان کے دفاع کیلئے صوبے کی سرزمین پر قدم رکھ سکتے ہیں اور اس کے لئے آئین وفاق کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ کو ئی ربڑ سٹیمپ نہیں ہے وہ وفاق کا نمائندہ ہے۔وزیر اعظم جب کراچی کے مسائل کے حل کے لئے گورنر سندھ کولگائیں گے تووہ بطور گورنر کام نہیں کریں گے بلکہ ٹاسک فورس کے سربراہ
کے طور پر کام کریں گے ، وفاقی حکومت سندھ میں اپنا مثبت کردار ادا کرے گی اور پنجاب میں بھی کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں پر اس وقت تک تنقید کرتے رہیں گے جب تک نئی حکومت کارکردگی نہیں دکھائے گی ، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر اتنا قرضہ چڑھ گیاہے اور آج جو یہ لوگوں کی تیس تیس شوگر ملیں بنی ہیں یہ کیسے بنی ہیں ان لوگوں کے پاس سیاست سے پہلے کیا تھا انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے بڑی پتے کی بات کی ہے، تحریک انصاف ملک لوٹنے والوں کے لئے تحریک انتقام ہے لیکن شریف النفس لوگوں کے لئے تحریک انصاف ہی ہے۔