اسلام آباد (نیوزڈیسک) : پاک بحریہ نے ایک اور کامیاب آپریشن کر لیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اورماڑہ کے قریب سمندر میں انٹیلی جنس بنیاد پر اینٹی نارکوٹکس آپریشن کیا گیا۔جس کے نتیجے میں 2.5 ارب سے زائد مالیت کی ایک ہزار کلو حشیش قبضے میں لے لی گئی۔آپریشن مستقل نگرانی ،اینٹی نارکوٹکس فورس کے باہمی
تعاون سے اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیا گیا۔ مزید کاروائی کے لیے حشیش اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کردی گئی ہے۔ترجمان پاک بحریہ کا مزید کہنا ہے کہ آپریشن پاکستان نیوی کے سمندری حدود کی نگرانی میں سرگرم رہنے کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔قومی ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور بحر ہند میں قانون کی بالادستی کے لیے پرعزم ہیں۔ واضح رہے اس سے قبل 13 مارچ کو پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے پاکستان میں شراب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی تھی،شراب کی ایک بڑی کھیپ پاکستان میں اسمگل کی جا رہی تھی جسے پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے ناکام بنا دیا۔ اس کارروائی میںپی ایم ایس اے کے ہوائی جہاز اور تیز رفتار بوٹ نے حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران مشکوک بوٹ سے 65 ہزار سے زائد شراب کی بوتلیں اور بئیر کین برآمد کیے گئے۔ یہ کارروائی پاکستان کی میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کو خفیہ اطلاع موصول ہونے کے بعد کی گئی جس پر میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے تمام سمندری راستوں پر اپنے تیز رفتار جہاز اور ہوائی جہاز تعینات کیے۔ میری ٹائم ایجنسی کی بوٹ نے 11 مارچ کی رات کو ایک مشکوک بوٹ کا تعاقب کرتے
ہوئے مکران پوسٹ کے قریب اسے پکڑ لیا۔ بوٹ کی تلاشی کے دوران اس میں سے 65 ہزار سے زائد شراب کی بوتلیں اور بئیرکین برآمد ہوئے تھے۔