دنیا کا خوفناک ترین مقام جو زہریلے ترین سانپوں کا گھر ہے، عقل انسانی کو دنگ کردینے والی تفصیلات

برازیلیا(ویب ڈیسک) جزیرے کا نام سنتے ہی ذہن میں کسی انتہائی خوبصورت سیاحتی مقام کا تصور ابھرتا ہے لیکن سبھی جزیرے ایک سے نہیں ہوتے۔ اب برازیل کے اس جزیرے کا ہی سن لیں، جس پر ہزاروں ایسے زہریلے سانپ رہتے ہیں کہ ان کے زہر سے گوشت بھی گھُل جاتا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق انہی سانپوں کی وجہ سے اس جزیرے کا نام ’سنیک آئی لینڈ‘

پڑ گیا ہے۔ یہ جزیرہ برازیل کی سمندری حدود میں ساحل سے 33کلومیٹر سمندر کے اندر ہے۔ اس کے قریب ترین برازیلین شہر ساؤ پاؤلو ہے۔سنیک آئی لینڈ دراصل دو چٹانوں پر مشتمل ایک بہت چھوٹا سا جزیرہ ہے لیکن اس پر 4ہزار سے زائد خطرناک سانپ رہتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ اس جزیرے پر کسی انسان کو جانے کی اجازت نہیں ہے۔ گزشتہ دنوں پہلی بار ایک آسٹریلین میڈیا ٹیم کو اس جزیرے پر جانے کی اجازت دی گئی جس نے ایسے مناظر کیمروں کی آنکھ سے محفوظ کرکے دنیا کو دکھائے ہیں کہ سکرین پر ہی مناظر دیکھ کر آدمی کی سٹی گم ہو جائے۔اس ٹیم میں صحافی، سائنسدان اور کئی طبی ماہرین شامل تھے تاکہ اگر کسی کو سانپ کاٹ لے تو فوراً اس کا علاج ممکن ہو سکے۔ سنیک آئی لینڈ پر سانپوں کی متعدد اقسام پائی جاتی ہیں تاہم گولڈن لینس ہیڈ وائپر ایسی زہریلی قسم ہے کہ اس کے زہر سے گوشت ہی پگھل جاتا ہے۔اس قسم کے سانپوں کی رنگت سونے جیسی چمکدار ہوتی ہے اور ان کے سر کے اوپر ایک کلغی سی بنی ہوتی ہے۔یہ سانپ جزیرے پر موجود درختوں پر رہنے والے پرندوں کو اپنی خوراک بناتے ہیں۔ جزیرے پر جانے والی ٹیم کی رکن صحافی ٹیرا

براؤن کا کہنا تھا کہ ”جب ہم نے ساحل پر مقامی ماہی گیروں کو بتایا کہ ہم سنیک آئی لینڈ پر جا رہے ہیں تو وہ سن کر ہی خوفزدہ ہو گئے اور کہنے لگے کہ ’یہ کوئی اچھا خیال نہیں ہے۔ تمہیں وہاں نہیں جانا چاہیے۔“ٹیرا براؤن کے مطابق مقامی ماہی گیروں نے جزیرے کے متعلق کئی کہانیاں سنائی کہ کس طرح بحری قزاقوں کے پورے کے پورے خاندان اس جزیرے پر مارے گئے۔ ایک کہانی انہوں نے یہ بھی سنائی کہ اس جزیرے پر بہت بڑا خزانہ دفن ہے اور یہ سانپ اس خزانے کی حفاظت کرتے ہیں اور کسی انسان کو وہاں نہیں جانے دیتے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ”11ہزار سال قبل جب سمندر کی سطح بلند ہوئی اور یہ جزیرہ باقی زمین سے کٹ گیا، اس کے بعد اس جزیرے پر رہ جانے والے سانپوں کا ارتقاءمختلف انداز میں ہوا ہے۔جزیرے پر پائے جانے والی سانپوں کی یہ اقسام برازیل میں پائی جانے والی انہی اقسام سے مختلف اور کئی گنا زیادہ زہریلی ہو چکی ہیں۔جزیرے پر سانپوں کی 10اقسام ایسی ہیں جو دنیا بھر میں سانپوں کی زہریلی ترین اقسام ہیں۔“

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں