اسلام آباد (نیوزڈیسک) : ترجمان وزارت خارجہ چین کا کہنا ہے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی حمایت کر تے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنی پریس بریفنگ میں کیا۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارت کے مابین اچھے پڑوسیوں والے دوستانہ تعلقات کے خواہاں ہیں پاکستان نے انسداد دہشتگردی سے متعلق بہت سے اہم
اعلانات کئے جو دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی جنگ کی پالیسیوں ، کوششوں کے عین مطابق ہیں عالمی برادری کو پاکستان کے اس عمل کی حقیقی بنیادوں پر حوصلہ افزائی کرنی چاہئیے۔ تمام متعلقہ فریقین پاکستان سے بہتر تعاون کرکے ماحول کو ساز گار بنا سکتے ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا کسی فرد یا جماعت کو دہشتگرد فہرست میں ڈالنا انتہائی حساس ایشو ہے، چین اس معاملے کو سنجیدگی سے لے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل میں ہونے والی بحث میں بھی ذمہ داریوں کے ساتھ حصہ لیں۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور چین نے آزمائش کی ہر گھڑی میں پورا اُترنے والی اور سدا بہار تعاون پر مبنی شراکت داری کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ہر سطح پر تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ۔ چین کے نائب وزیر خارجہ ژوآن ژوکونگ کے دو روزہ دورہ پاکستان کے اختتام پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ یہ اتفاق رائے چین کے نائب وزیر خارجہ کے پاکستان کے دو روزے کے دوران طے پایا مہمان نائب وزیر خارجہ نے قیام اسلام آباد کے دوران وزیراعظم،آرمی چیف ، وزیر خارجہ ، سیکرٹری خارجہ اور بری فوج کے سربراہ
سے ملاقاتیں کی۔ انہوں نے وزارت خارجہ میں سیکرٹری خارجہ سے بھی بات چیت کی، ان ملاقاتوں میں مسلسل حمایت کرنے پر پاکستان نے چین کا شکریہ ادا کیا اور انہیں بھارت کے ساتھ مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی پاکستان کی کوششوں کے بارے میں بتایا۔ چینی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست اور شراکت دار ہیں۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے چین کی طرف سے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات کا بھی اعتراف کیا۔واضح رہے کہ دو روز قبل ہی چین نے پاکستان میں مزید دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا اور اس لیے بھی چینی نائب وزیرخارجہ کا یہ دورہ اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔