لاہور (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر لاہور کے علاقہ ڈیفنس کی رہائشی ماڈل انعم تنولی کا ایک ویڈیو پیغام وائرل ہوا ۔ اس ویڈیو پیغام میں انعم تنولی کا کہنا تھا کہ کسی کا مذاق اُڑانا غلط بات ہے، کبھی کسی کا مذاق نہ اُڑائیں۔ بزدل لوگ دوسروں کا مذاق اُڑاتے ہیں۔ ہمارے ارد گرد کئی ایسے لوگ موجود ہیں جن کا زندگی کے کسی حصے میں تمسخر اُڑایا گیا۔لہٰذا وہ اب دوسرے
لوگوں کا مذاق اُڑا کر اپنا بدلہ لیتے ہیں۔ کوشش کریں کہ کسی کے مذاق اُڑانے سے آپ کو فرق نہ پڑے۔ کسی کے ایسا کرنے سے خود ہمت نہ ہاریں۔ ایسے لوگوں کو مکمل طور پر نظر انداز کریں۔ ایسے لوگ آپ کی توجہ کے لائق نہیں ہیں۔ایسے لوگ آپ کو قابل رحم بنانے کے چکر میں اپنے بے چارگی ظاہر کرتے ہیں اور خود ہی قابل رحم ہوتے ہیں۔انعم تنولی کے اس ویڈیو پیغام پر کئی تبصرے ہو رہے ہیں۔یہ ویڈیو پیغام انعم تنولی کی خود کُشی سے پہلے کا ہے یا نہیں اس حوالے سے کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔۔سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اس ویڈیو پیغام میں انعم تنولی نے مثبت باتیں کیں، پھر بھی انعم تنولی نے اس سب سے نجات کے لیے خود ہی اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا جو سمجھ سے باہر ہے۔ واضح رہے کہ ماڈل انعم تنولی کی ہلاکت نے ان کے اہل خانہ اور دوست احباب کو شدید رنجیدہ کر دیا۔یاد رہے کہ گذشتہ روز ماڈل انعم تنولی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آئی۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ماڈل کے جسم پر تشدد کے کوئی نشان نہیں ہیں جب کہ ماڈل کی موت سانس بند ہونے سے ہوئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ خودکشی کا لگتا ہے۔ انعم تنولی کی خود کُشی کی
خبر یکم ستمبر کو موصول ہوئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق معروف پاکستانی ماڈل انعم تنولی نے ذہنی دباؤ کے ساتھ ایک طویل جنگ کے بعد خودکشی کی۔انعم تنولی کی ہلاکت سے شوبز انڈسٹری سوگ میں ڈوب گئی ۔ انعم تنولی کی خود کُشی پر ماہر نفسیات نے کہا کہ جسمانی صحت کیساتھ دماغی صحت بھی اتنی ہی اہمیت کی حامل ہے تاہم پاکستان میں اس پر زیادہ توجہ نہیں دی جاتی جبکہ کسی کا مذاق اُڑانے اور اسے غلط ناموں کے ساتھ پکارنے سے قبل یہ بھی نہیں سوچا جاتا کہ ایسا کرنے سے دوسرے شخص پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔انعم تنولی گذشتہ کافی عرصے سے ذہنی دباؤ کا شکار تھیں ، وہ ذاتی مسائل کے بعد ڈپریشن کا شکار تھیں یا پھر پروفیشنل زندگی کے حوالے سے پریشان تھیں اس حوالے سے کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔ انعم تنولی کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: