خلائی مخلوق کے وجود بارے دو متضاد آراءپائی جاتی ہے۔ جہاں بعض لوگ ان کے وجود پر یقین رکھتے ہیں تو اکثریت اسے محض واہمہ گردانتی ہے لیکن اب ایک امریکی خاتون سیاستدان نے اس حوالے سے ایسا انکشاف کر دیا ہے کہ دنیا میں ہلچل مچ گئی ہے۔ ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی سے کانگریس کی امیدوار 59سالہ بیٹینا روڈریگوئز اگوئیلرا (Bettina Rodriguez Aguilera)نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ جب وہ 7سال کی تھیں تو انہیں خلائی مخلوق نے اغواءکر لیا تھا اور کائنات کے کئی راز بتائے تھے۔ اس کا کہنا تھا کہ ”میرے پاس خلائی مخلوق کے تین فرد آئے تھے جن میں 2خواتین اور ایک مرد تھا۔ ان تینوں کے بال بھورے رنگ کے تھے۔ وہ مجھے اغواءکرکے خلائی جہاز میں اپنے ساتھ اوپر لے گئے۔ اس دوران وہ میرے ساتھ ٹیلی پیتھی کے ذریعے گفتگو کرتے رہے۔“
بیٹیناکا مزید کہنا تھا کہ ”اس گفتگو میں انہوں نے مجھے زمین کے کئی راز بتائے۔ انہوں نے بتایا کہ زمین کی توانائی کا مرکز افریقہ میں ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ میامی کا کورل نامی قلعہ، جو سیاحوں کے لیے بہت پرکشش جگہ ہے، دراصل یہ قدیم اہرام مصر ہے۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں آئی ایس آئی ایس کا حوالہ بھی دیا لیکن بدقسمتی سے اس کے متعلق ان کی گفتگو کو میں سمجھ نہیں سکی کہ آیا وہ شدت پسند تنظیم داعش کی بات کر رہے تھے یا قدیم مصری دیوی کی۔“