ابوظہبی(ویب ڈیسک)پاکستان کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز سے قبل ہی نیوزی لینڈ کی ٹیم فٹنس مسائل میں گھر گئی اور ایک کھلاڑی سیریز سے باہر جبکہ دوسرے کی شرکت مشکوک نظر آرہی ہے۔کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کے جارح مزاج بیٹسمین کورے اینڈرسن انجری کا شکار ہوگئے اور سیریز سے باہر ہوگئے۔کورے اینڈرسن کو ایڑھی
میں تکلیف کا سامنا تھا جس کی وجہ سے انہیں تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی نہیں کھلایا گیا تھا جبکہ انہیں اب واپس نیوزی لینڈ روانہ کردیا گیا ہے۔دوسری جانب آل راؤنڈر ٹوڈ ایسٹل کی بھی ون ڈے سیریز میں شرکت مشکوک نظر آرہی ہے۔ٹوڈ ایسٹل کو گھٹنے میں درد کے مسائل کا سامنا ہے اور خیال کیا جارہا ہے کہ انہوں پاکستان کے خلاف میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔اپنے اسکواڈ کو پورا کرنے کے لیے کیوی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی میں اپنا ڈیبیو کرنے والے اسپنر اعجاز پٹیل کو اسکواڈ کا حصہ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔اس کے ساتھ ساتھ نوجوان فاسٹ باؤلر لوکی فرگیسن اور بیٹسمین جارج ورکر کو بھی ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں کین ولیم سن (کپتان)، ٹوڈ ایسٹل، ٹرینٹ بولٹ، کالن ڈی گرینڈہوم، لوکی فرگیسن، میٹ ہینری، ٹام لیتھم، کالن منرو، ہنری نکولس، اعجاز پٹیل، اش سودھی، ٹیم ساؤٹھی، روس ٹیلر، بی جے واٹلنگ اور جارج ورکر شامل ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 7 نومبر کو اور دوسرا میچ 9 نومبر کو ابو ظہبی اور تیسرا میچ 11 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے تین ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز میں نیوزی لینڈ کو وائٹ واش کردیا تھا۔