امریکہ (نیوزڈیسک) : شمالی امریکہ کی فقہ کونسل نے عید الفطر 4 جون کو منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فقہ کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نئے چاند کی پیدائش 03 جون 2019ء بروز پیر عالمی وقت کے مطابق10 بجکر 3 منٹ پر ہو گی۔ اس دن میامی اور فلوریڈا کے مقامات پر سورج 8 ڈگری پر ہو گا جبکہ چاند سورج سے اوپر 5
ڈگری پر ہو گا لہٰذا شوال 1440 کا پہلا دن 04 جون 2019ء بروز منگل ہو گا۔ کونسل کے مطابق یہ فیصلہ یورپی کونسل آف فتوٰی اینڈ ریسرچ کے معیار پر کیا جاتا ہے۔ جبکہ دوسری جانب موروکو میں عید الفطر 5 جون کو منائی جائے گی، اس حوالے سے موروکو کے آسٹرونومر عبد العزیز خبروچ العرفانی نے مئی میں ہی بتا دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ تمام عرب ممالک اور دیگر اسلامی ممالک میں شوال کا چاند 4 مئی کو نظر آنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی آنکھ سے 3 جون کو شوال کا چاند دیکھنا کسی طور ممکن نہیں ہے۔ خیال رہے کہ سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے سعودی باشندوں اور دیگر جملہ مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ سوموار کی شام عید کا چاند دیکھیں۔ جبکہ عید الفطر کا چاند دیکھنے کے لیے مسجد قاسم علی خان کی مقامی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے۔ دوسری جانب عید الفطر کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چئیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت کل کراچی میں ہو گا۔ جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں اپنے اپنے مقررہ مقامات پر ہوں گے۔ یاد رہے کہ عید الفطر کا چاند دیکھنے کے
حوالے سے گذشتہ روز مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ عیدالفطر کے چاند کا اعلان شرعی اصولوں کے مطابق ہوگا، عیدالفطر کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 4 جون کو منعقد ہوگا، شرعی اصول ہیں کہ رمضان المبارک کا چاند دیکھ کرروزہ رکھا جائے گا اور شوال کا چاند دیکھ کر عید منائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ، اور آزاد کشمیر سے آئے ہوئے تمام علماء کرام نے کہا کہ ہم مفتی منیب الرحمن کے اعلان کے ساتھ ہی عید منائیں گے، ہم آپ کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔صوبہ سندھ ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخواہ صوبہ تمام رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق عید مناتے ہیں۔مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نبی پاک ﷺ کے بتائے ہوئے اصول کے مطابق فیصلہ کرتی ہے۔