اب آپ دنیا کے کسی بھی مقام پر صرف ایک گھنٹے کے اندر اندر پہنچ سکیں گے۔۔۔ وہ خبر آگئی جس کا ہمیں سالوں سے انتظار تھا

ہوائی جہاز کی ایجاد نے مہینوں کا سفر گھنٹوںمیں طے کرنا تو ممکن بنا دیا، لیکن کیا یہ بھی ممکن ہے کہ دنیا کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک کا سفر محض منٹوں میں طے ہو جائے؟ شاید ایسا کسی سائنس فکشن فلم میں ہو سکتا ہے، لیکن ذرا ٹھہرئیے جناب، کیونکہ اب ہماری اپنی دنیا بھی تو کسی طلسم کدے سے کم نہیں رہی۔ جی بالکل، اب ایک ایسی حیرتناک ایجاد سامنے آنے والی ہے جو ہوائی جہاز کو بھی ماضی کا قصہ بنا دے گی اور وہ فاصلہ جو آج دنوں اور گھنٹوں میں طے ہوتا ہے صرف منٹوں میں طے ہوا کرے گا۔
ڈیلی سٹار کے مطابق یہ حیرت انگیز اعلان خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں عالمی شہرت یافتہ رکھنے والی کمپنی ’سپیس ایکس‘ کے بانی ایلان مسک نے کیا ہے، جن کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی خلائی سفر کیلئے تیار کئے جانے والے راکٹ ’بی ایف آر‘ کو زمین پر سفر کیلئے بھی استعمال کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس راکٹ کے ذریعے دنیا کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک کا سفر 30 منٹ سے بھی کم وقت میں طے کیا جا سکے گا۔
ایلان مسک کے اس منصوبے کا سب سے دلچسپ پہلو یہ ہے کہ راکٹ کے ذریعے سفر کرنے کا خرچ آج کے اکانومی کلاس فضائی سفر سے زیادہ نہیں ہوگا۔ ’بی ایف آر‘ راکٹ 80 سے 200 مسافروں کو لے کر اڑان بھرے گا اور یہ خاص طور پر بنائے گئے لینڈنگ پیڈ پر اترا کرے گا۔ ایلان مسک کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ مستقبل بعید کا منصوبہ نہیں بلکہ اگلے چھ سے نو ماہ میں ہی اس پر کام شروع کردیا جائے گا۔
ابتدائی طو رپر یہ راکٹ 27ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کرے گا اور یوں امریکی شہر نیویارک سے چین کے شہر شنگھائی تک 39منٹ میں، ہانگ کانگ سے سنگاپور 22منٹ میں، لاس اینجلس سے ٹورنٹو 24 منٹ میں اور بنکاک سے دبئی 27منٹ میں پہنچے گا۔
راکٹ کے ڈیزائن اور آپریشن کے متعلق ایک سیمیولیشن ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہے جس میں ایک ’بی ایف آر‘ راکٹ کو نیویارک کے قریب ایک جزیرے سے پرواز کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ یہ راکٹ ٹیک آف کے بعد چند لمحوں میں ہی اپنی انتہائی سپیڈ 27ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جاتا ہے۔ سمیولیشن ویڈیو میں یہ راکٹ ٹیک آف کرنے کے بعد خلاءمیں سفر کرتا ہوا 39 منٹ بعد چین کے شہر شنگھائی کے ایک لینڈنگ پیڈ پر اترجاتا ہے۔
’سپیس ایکس‘ کمپنی پہلے ہی ’فیلکن نائن‘ نامی ایک راکٹ تیار کرچکی ہے جو زمین پر عمودی زاویے سے لینڈ کرسکتا ہے۔ اب تک اس راکٹ کے 16 کامیاب تجربات کئے جاچکے ہیں۔ یہ پیش رفت ظاہر کرتی ہے کہ بہت جلد یہ جادوئی ٹیکنالوجی ایک حقیقت کی صورت میں ہمارے سامنے ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں