اسلام آباد (ویب ڈیسک) سام سنگ پاکستان نے اپنے فلیگ شپ سمارٹ فون گلیکسی S10 اور اے سیریز سمارٹ فونز کی قیمتوں میں حیران کن حد تک کمی کر دی ہے۔ سام سنگ کے اس اقدام کو مخالف کمپنیوں سے مقابلے کا ایک طریقہ قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ یہ اعلان ہواوے کمپنی کی جانب سے پی 30 اور پی 30 پرو متعارف کرائے جانے کے روز ہی کیا گیا ہے
اور ہواوے کمپنی کے سمارٹ فونز بھی پاکستان میں خاصے مقبول ہیں جس کے باعث سام سنگ کو سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق سام سنگ نے گلیکسی S10 کی قیمت 1 لاکھ 64 ہزار 999 روپے سے کم کر کے 1 لاکھ 42 ہزار 500 روپے کر دی ہے جبکہ A9 کی قیمت 99,999 روپے سے کم کر کے 79 ہزار 999 روپے کر دی ہے۔ ریٹیلرز کا کہنا ہے کہ پاکستان میں گلیکسی S10 سے زیادہ S10 پلس کو پسند کیا جا رہا ہے جس کی قیمت 1 لاکھ 85 ہزار روپے ہے جبکہ A9 فروخت کے معاملے میں ایک ڈیڈ پراڈکٹ ثابت ہو رہی ہے۔