لاہور(نیوز ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل ) کی سابق چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں نے سپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کی پوری رقم کرکٹرآصف علی کی بیٹی کے علاج کے لیے دینے کا اعلان کردیا ہے ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ فرنچائز کے مالک علی نقوی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ”اسلا م آباد یونائیٹڈ کے تمام کھلاڑیوں نے مشکل کی اس گھڑی میں آصف علی کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے،
ہم اپنی سپرٹ آف کرکٹ ایورڈ کی تمام رقم آصف علی کی بیٹی کے علاج کے لیے دے رہے ہیں،ہم آصف علی کی بیٹی کے لیے دعاگو ہیں“۔ یاد رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو سپرٹ آف کرکٹ ایوارڈکے20ہزارڈالرزملے تھے۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوران انکشاف ہوا تھا کہ آصف علی کی صاحبزادی کینسر کے مرض میں مبتلا ہے۔اس حوالے سے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ ڈین جونز پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ بھی ہو گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق آصف علی کی بیٹی کا علاج جاری ہے تاہم بچی کی حالت تشویش ناک ہے۔ادھر آصف علی نے کینسر کے مرض میں مبتلا اپنی بیٹی کیلئے دعا کرنے والے ہر شخص کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ آصف علی کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ان کا ساتھ دینے والے ہر شخص کے وہ بے حد مشکور ہیں۔