لاہور (ویب ڈیسک) کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان آ کر کھیلنے سے متعلق اپنے موقف میں ماضی کی نسبت نرمی اختیار کر لی ہے اور پاکستان آ کر کھیلنے سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی درخواست پر غور کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ”اگلے
سال مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنے سے متعلق پی سی بی کیساتھ بات چیت جاری ہے۔ ہم پاکستان حکومت کی جانب سے کرکٹ ٹیموں کی سیکیورٹی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کی قدر کرتے ہیں اور پی سی بی کیساتھ مذاکرات جاری رکھیں گے، آسٹریلین کھلاڑیوں اور عملے کی سیکیورٹی ہماری پہلی ترجیح ہے۔ “واضح رہے کہ آسٹریلین کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہ بیان پی سی بی کے نئے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کی جانب سے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بحالی میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف یو اے ای میں شیڈول سیریز کے پانچ ون ڈے میچوں میں سے 2 میچ پاکستان آ کر کھیلے گی۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے کراچی میں شیڈول میچوں کے دوران آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے حکام کو بلانے کا فیصلہ بھی کر رکھا ہے تاکہ وہ اس موقع پر ہونے والے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے سکیں۔