کنگنا رناوت بالی وڈ کی سب سے مہنگی اداکارہ بن گئیں

اسلا م آ با د(ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت فلم انڈسٹری میں سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے کے بعد مہنگی ترین اداکارہ بن گئیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کنگنا رناوت نے بالی وڈ میں سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والی اداکارہ کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ انہوں نے یہ اعزاز اپنی ہی نئی آنے والی فلم ’مانی کرنیکا :جھانسی

کی رانی‘ کے ذریعے اپنے نام کیا ہے جس میں انہوں نے 14 کروڑ روپے وصول کئے ہیں۔ کنگنا رناوت نے اس حوالے سے کہا کہ میرا اتنا زیادہ معاوضہ وصول کرنا کردار پر انحصار کرتا ہے کیوں کہ ہر فلم کی اپنی ایک داستان اور ایک انداز ہوتا ہے، میں فلم کی کہانی کو مدنظر رکھتے ہوئے معاوضہ طے کرتی ہوں جب کہ فلم ’مانی کرنیکا‘ اپنی نوعیت کی الگ ہی تاریخ پر مبنی فلم ہے۔ واضح رہے کہ کنگنا رناوت سے قبل سب سے زیادہ معاوضہ لینے کا اعزاز دپیکا پڈوکون کے پاس تھا جو کہ انہوں نے فلم ’پدماوت‘ میں کام کرنے کی وجہ سے وصول کیا تھا۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اُن کا یہ معاوضہ فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے رنویر سنگھ اور شاہد کپور سے کہیں زیادہ تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں