اسلام آباد (نیوزڈیسک) گذشتہ روز ماڈل گرل ایان علی کا نام کرنسی اسمگلنگ کیس کے بعد جعلی اکائونٹس کے معاملے میں بھی آیا تھا اسی متعلق گفتگو کرتے ہوئے معروف صحافی کامران شاہد کا کہنا ہے کہ ایان علی کی منی لانڈرنگ کا انکشاف ہوا ہے۔۔ایان علی کے نام سے ایک جعلی اکاؤنٹ کا سامنے آیا ہے۔ جہاں سے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشنز کی گئی ہیں۔
لیکن سب سے زیادہ الارمنگ بات تو یہ ہے کہ اسی اکاؤنٹ سے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کے صاحبزادے بلاول بھٹو اور صاحبزادی بختاور بھٹو کو ائیرٹکٹس جاری ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ ایان علی کو اسی اکاؤنٹ سے ائیر ٹکٹس جاری ہوئے تھے۔واضح رہے گذشتہ روز جعلی اکاونٹس کیس میں اب تک کی سب سے بڑی پیش رفت ہوئی تھی جب معروف ماڈل ایان علی بھی جعلی اکاؤنٹس کیس میں ملوث پائی گئی ۔ اب تک جعلی اکاؤنٹس کیس میں ہونے والی پیش رفت میں یہ ماڈل اس تمام معاملے کی مرکزی کردار معلوم ہو رہی ہے۔ ایف آئی اے کو ماڈل ایان علی کے اکاؤنٹس سے جعلی اکاؤنٹس کا لنک مل گیا ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ایان علی کے اکاؤنٹ میں جعلی اکاؤنٹس سے پیسوں کی ٹرانزیکشنز ہوتی رہی ہیں۔ ایف آئی اے نے حاصل ہونے والے تازہ ترین شواہد کے بعد ایان علی کے گرد گھیرا تنگ کرنا شروع کردیا ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے ایان علی کی گرفتاری بھی عمل میں لانے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔ واضح رہے کہ جعلی اکاونٹس کیس کی تفتیش کے سلسلے میں سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی تشکیل دی ہوئی ہے۔ اس کیس میں
سابق صدر آصف زرداری اور ان کے دیگر رشتے داروں کا نام بھی سامنے آیا ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے بنائی گئی جے آئی ٹی کی جانب سے اس معاملے پر مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ اسی دوران اب ماڈل ایان علی کا اس تمام معاملے سے لنک منظر عام پر آگیا ہے۔