لاہور(ویب ڈیسک)بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، نماز جنازہ میں سیاستدانوں و سماجی شخصیات اور بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان شرکت کرینگے۔تفصیلات کے مطابق حکمران جماعت سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے وفود نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی بیگم کلثوم نواز کے جنازے میں شرکت
کرینگے۔تحریک انصاف نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی قیادت میں وفد کا اعلان کیا ہے۔ صوبائی وزیر محمودالرشید، میاں اسلم اقبال سمیت دیگر وزراء شریک ہوں گے۔سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ آض شام پانچ بجے جاتی امرا میں ادا کی جائے گی۔بیگم کلثوم نواز کے ایصال ثواب کے لئے رسم قل مورخہ 16ستمبر بروز اتوار عصر تا نماز مغرب جاتی امراء میں ہو گی۔خیال رہے کہ کئی ماہ سے کینسر کے عارضے میں مبتلا سابق خاتون اول گزشتہ روز لندن میں 68 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔