ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہ کو پیر محل سے گرفتار کرلیا جو مبینہ طور پر غیراخلاقی کاموں کیلئے لڑکیوں کو سعودی عرب بھجواتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے فیصل آباد کے قریبی علاقے پیر محل میں چھاپہ مار کر دو بہنوں کو بیرون ملک بھجنے والے ماں بیٹے کو گرفتار کر لیا۔ بچیوں کی بحفاظت واپسی کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پیر محل کی رہائشی دو بہنوں آمنہ اور صوبیہ کو ملزم حسن امتیاز اور ثمینہ امتیاز نے سعودی عرب میں ملازمت کرنے اور عمرہ کروانے کا جھانسہ دے کر بھجوا دیا۔ 4 ماہ بعد دونوں بہنوں نے ماں کو کال کی تو ماں نے واقعے کا سارا احوال سنا دیا۔
لڑکیوں کی ماں کی درخواست پر ایف آئی اے نے پیر محل میں کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ ثمینہ امتیاز کو بیٹے سمیت گرفتار کر لیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق 7 افراد پر مشتمل گروہ مکرو دھندے میں ملوث ہے۔ دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ باقی 5 کی گرفتاری اور بچیوں کی بحفاظت واپسی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ ایف آئی اے حکام نے ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا ہے۔