پاکستانی اے ٹی ایم صارفین کے ساتھ ہاتھ ہوگیا، نوسر بازوں نے سینکڑوں صارفین کو جمع پونجی سے محروم کر دیا، رپورٹ کے مطابق اب تک ہیکرز نے چھ سو سے زائد بینک اکاﺅنٹس خالی کرچکے ہیں,چین میں نئے کارڈ بنے اور رقم بھی وہی نکال لی گئی، ایف آئی اے سائبر کرائم نے تحقیقات شروع کر دیں۔
خبر دار ہوشیار آپ کے بینک اکاؤنٹس خالی ہو رہے ہیں، اے ٹی ایم کارڈز آپ کے کسی کام کے نہیں رہے، چینی نوسربازوں کے ہاتھ میں چلے گئے ہیکرز نے اے ٹی ایم میں ڈیوائس لگا کر صارفین کے کارڈز کی تفصیلات چرا لیں اورتفصیلات کے ذریعے چین میں جعلی کارڈ بناکروہیں پرہی رقم بھی نکال لی۔
ذرائع کے مطابق اب تک 600 سے زائد بینک اکاﺅنٹس کے خالی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ جن سے نوسربازوں نے کروڑوں روپے نکال لئے ہیں۔
ادھر ایف آئی اے نے بڑے بینک فراڈ کی تحقیقات شروع کرنے کیساتھ ہی چینی شہریوں کی جانب سے اے ٹی ایم فراڈ کا معاملہ سفارتی سطح پر اٹھا دیا ہے اور اس معاملے پر چینی سفارتکاروں کوبھی خط لکھ دیا گیا ہے۔
دوسری طرف حبیب بینک کے ترجمان کے مطابق بینک کے متعدد صارفین کے اکاﺅنٹس سے رقم نکلنے کی شکایت ملی ہے اور چرائی گئی رقم ایک کروڑ روپے تک ہے۔ متاثرہ صارفین کی رقم تحقیقات کے بعد واپس کی جا رہی ہیں جبکہ ہیک کئے گئے کارڈ بلاک کر کے نئے کارڈ جاری کئے جا رہے ہیں ۔