بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے بھارتی صحافیوں اور فوٹوگرافرز کے نازیبا رویے کے باعث رو پڑیں۔
تفصیلا ت کے مطابق سابق ملکہ حسن اور بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ ایشوریا رائے بہت کم کسی بھی بات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتی ہیں جب کہ میڈیا کے سامنے اداکارہ زیادہ تر خاموش ہی رہتی ہیں۔ تاہم حال ہی میں ہوئے واقعے پر نہ صرف ایشوریا نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا بلکہ ان کی آنکھوں میں آنسو بھی آگئے۔
ایشوریا رائے نے اپنے آنجہانی والد کرشنا راج رائے کی سالگرہ کے موقع پراپنی بیٹی آرادھیا رائے بچن اور والدہ بریندیا رائے کے ہمراہ بچوں کے ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نہ صرف پیدائشی طور پر کٹے ہوئے ہونٹوں والے بچوں کے ساتھ ملاقات کی بلکہ 100 بچوں کے علاج اور سرجری کا خرچہ اٹھانے کا اعلان بھی کیا۔
ہسپتال میں ایشوریا کے ساتھ مختلف این جی اوز سے تعلق رکھنے والی خواتین، صحافی اور فوٹوگرافرز بھی موجود تھےاور ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی کی مسلسل تصاویر کھینچ رہے تھے۔ جب کہ صحافیوں اور فوٹوگرافرز کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث ہسپتال میں بہت زیادہ شور ہورہا تھا۔
پہلے تو ایشوریا نے برداشت کیا تاہم جب ان کی برداشت جواب دے گئی تو انہوں نے فوٹوگرافرز کو خاموش رہنے اور تصاویر لینے سے منع کیا لیکن اداکارہ کے بار بار منع کرنے کے باوجود بھی جب فوٹوگرافرز باز نہ آئے تو ایشوریا بے بسی سے روپڑیں اور کہا کہ یہاں چھوٹے چھوٹے بچے ہیں جو شورسے پریشان ہورہے ہیں لہذا ان بچوں کا تو خیال کرلیں۔