:پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور بھارےی فلمسٹار رنبیر کپور کی نیویارک میں ساتھ تمباکو نوشی کرنے کی تصاویر تو آپ نے سوشل میڈیا پر دیکھی ہی ہوں گی ۔ ان تصاویر کا منظر عام پر آنا ہی تھا کہ صارفین نے ماہرہ خان کو سخت تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ۔ ماہرہ خان کو تنقید کا نشانہ بنتے دیکھ کر شوبز کے ستارے بھی ان کے دفاع میں سامنے آگئے جبکہ رنبیر کپور کے والد رشی کپور اور بالی وڈ سے تعلق رکھنے والی دیگر شخصیات نے بھی ماہرہ خان سے متعلق بیان بازی کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا اور اس طرح کی تنقید کی مذمت کی ۔
تاہم اب بالی وڈ فلمسٹار رنبیر کپور نے بھی ماہرہ خان پر اُنگلیاں اُٹھانے والوں کو منہ توڑ جواب دے دیا ہے۔
رنبیر کپور کا کہنا تھا کہ میں گذشتہ کئی ماہ سے ماہرہ خان کو ذاتی طور پر جانتا ہوں۔ ماہرہ خان وہ خاتون ہیں جن کی میں عزت کرتا ہوں اور ان کے کام کی تعریف کرتا ہوں۔ ان کے بارے میں ہونے والی باتیں اور ان پر ہونے والی تنقید سراسر غلط ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماہرہ خان سے متعلق ایسی باتیں افسوسناک ہیں۔ رنبیر کپور نے اندازے لگانے والے صارفین کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ چونکہ ماہرہ خان ایک عورت ہیں اس لیے سب لوگ ان کے ہی بارے میں بات کررہے ہیں۔میں سب سے درخواست کرتا ہوں کہ برائے مہربانی منفی سوچ کو ختم کریں اور زندگی کے روپ میں خدا کی طرف سے عطا کیے گئے اس خوبصورت تحفے سے محظوظ ہوں۔ہمیں محبت اور امن سے رہنا چاہئیے۔