بھارت میں ایک لڑکی کے پیٹ میں شدید درد اٹھا، اور جب اسے ہسپتال لیجایا گیا تو پیٹ میں بڑے سائز کی پتھری نما کسی چیز کی موجودگی کا انکشاف ہوا، مگر جب اس کا آپریشن کیا گیا تو ایسی چیز نکل آئی کہ ڈاکٹر بھی ششدر رہ گئے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق 20سالہ لڑکی کے پیٹ میں بالوں کا بڑے سائز کا گچھا موجود تھا جس کا وزن لگ بھگ 1کلوگرام تھا۔ ڈاکٹروں کو بتایا گیا کہ لڑکی کو اپنے ہی بال کھانے کی عادت تھی۔ وہ ہمیشہ اپنے بالوں کو منہ میں ڈال کر چباتی رہتی تھی۔
ڈاکٹروں کے مطابق لڑکی ایک کمیاب قسم کی بیماری ’ریپونزیل سنڈروم‘ کی مریض تھی۔ اس بیماری کا مریض اپنے بال چبانے کی لت میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس لڑکی کے پیٹ میں اس قدر بال جمع ہو چکے تھے کہ اس نے کھانا پینا انتہائی کم کر دیا تھا اور سوکھ کر کانٹا ہو گئی تھی۔ اس کا وزن صرف 29کلوگرام رہ گیا تھا جب اسے ہسپتال لایا گیا اور اس کا آپریشن کیا گیا۔ لڑکی کا آپریشن کرنے والے ڈاکٹر بھرت کا کہنا تھا کہ ”جب لڑکی کے ٹیسٹ اور سی ٹی سکین کیے گئے تو پیٹ کے بالائی حصے میں بڑے سائز کی انتہائی سخت گلٹی کا انکشاف ہوا۔ جب آپریشن کیا گیا تو وہ بالوں کا گچھا نکلا جو اتنے بڑے سائز کا تھا کہ پورے معدے میں پھیلا ہوا تھا جس کی وجہ سے اس گچھے کی شکل بھی معدے جیسی بن گئی تھی۔ میں نے اپنی کیریئر میں اس سے قبل ایسا کیس نہیں دیکھا۔“