میانمار میں مسلمانوں پر مظالم کی تازہ ترین اور انتہائی خوفناک ویڈیو سامنے آگئی، ہر مسلمان کا دل تڑپنے لگا

میانمار میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی ایک ایسی ویڈیو منظرعام پر آ گئی ہے جس نے میانمار کی فوج اور حکومت کے بہتانوں کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ برطانوی اخبار دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق یہ ویڈیو ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سیٹلائٹ کے ذریعے حاصل کی ہے جس میں میانمار کی ریاست رخائن کے درجنوں جل کر خاک ہو چکے دیہات دکھائی دے رہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اب ان دیہات کی جگہ کہیں کہیں ملبے کے ڈھیر اور زیادہ تر جلی ہوئی خالی زمین موجود ہے، جس پر روہنگیا مسلمانوں کے جھونپڑی نما گھر تھے جو میانمار کی فوج اور بدھ دہشت گردوں نے نابود کر دیئے۔رپورٹ کے مطابق میانمار سے جان بچا کر بنگلہ دیش پہنچنے والے ایک روہنگیا مسلمان نے دی گارڈین کو بھی دو ویڈیوز بھیجی ہیں جن میں سے ایک میں ایک گاﺅں کو لگی آگ کا آسمان کو چھوتا دھواں دکھائی دے رہا ہے۔
یہ ویڈیو اس شخص نے گاﺅں سے فرار ہونے کے بعد کچھ فاصلے سے بنائی ہے جہاں سے گاﺅں درختوں کی اوٹ میں چھپا ہوا ہے لیکن اسے لگی آگ کا دھواں دکھائی دے رہا ہے۔ اس شخص کی بھیجی گئی دوسری ویڈیو میں سینکڑوں روہنگیا مسلمانوں کو ایک انتہائی گہری ندی پار کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس کا پانی ان کے منہ تک آ رہا تھا۔رپورٹ کے مطابق ایمنسٹی انٹر نیشنل کی سیٹلائٹ سے حاصل کردہ ویڈیو اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت نشانہ بنایا جا رہا ہے اور بڑی تعداد میں ان کی بستیاں جلا کر انہیں ملک چھوڑ کر نکل جانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

دی گارڈین کو ویڈیوز بھیجنے والے نوجوان نے بتایا ہے کہ ”فوج نے دن 11بجے ہمارے گاﺅں پر حملہ کیا۔ انہوںنے آتے ہیں گھروں پر اور گلیوں میں موجود لوگوں پر فائرنگ شروع کر دی، جو ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ جب فائرنگ رکی اور لوگ گھروں سے نکل کر دور بھاگ گئے تو فوجیوں نے ان کے گھروں پر پٹرول چھڑک کر راکٹ لانچر کے ذریعے آگ لگا دی۔ گھروں کو لگائی گئی یہ آگ تین دن تک جلتی رہی۔ اب وہاں راکھ کے سوا کچھ موجود نہیں رہا۔“

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں