لوگ اکثر بچی ہوئی اشیاءفوڈ بینکوں میں جمع کروا دیتے ہیں تاکہ وہ کسی غریب کے کام آ سکیں۔ ایسے ہی برطانوی شہر کارڈف میں ایک شہری نے سویٹ کارن کا ایک ایسا ڈبہ فوڈ بینک میں جمع کروا دیا کہ دیکھ کر بینک کے منتظمین بھی ششدر رہ گئے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق مکئی کے دانوں کا یہ ڈبہ اس قدر پرانا تھا کہ اس کی مدت استعمال ختم ہوئے 35سال بیت چکے تھے۔کارڈف فوڈ بینک کی ورکرہیلن بُل نے متجسس ہو کر ڈبہ کھولا تو اندر سے نکلنے والے دانے پانی چھوڑ چکے تھے اور ان سے بدبو آ رہی تھی۔
ہیلن نے ڈبہ کھولنے اور دانے ایک پیالے میں ڈالنے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر پوسٹ کی ہے ۔ ویڈیو میں ہیلن کا کہنا تھا کہ ”لوگ جب کچن کی صفائی کرتے ہیں تو نکلنے والی پرانی اشیاءکی استعمال کی تاریخ دیکھے بغیر فوڈ بینک کو عطیہ کر دیتے ہیں۔ عموماً جب گھر کے کسی بڑے بوڑھے کی موت واقع ہوتی ہے تو اس کے سامان سے ایسی پرانی اشیاءنکلتی ہیں۔اس ڈبے میں سے جو سویٹ کارن نکلے ہیں، ان کی رنگت تو پیلی ہے لیکن بدبو ایسی ہے کہ میں کبھی کسی کو کھانے کے لیے نہیں دے سکتی۔“
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ اتنی پرانی چیزکسی فوڈ بینک کو دی گئی ہو۔ برطانیہ میں ہی چند سال قبل ایک فوڈ بینک کو کڈنی سوپ کا ایک ڈبہ دیا گیا تھا جس کے استعمال کی مدت ختم ہوئے 46سال گزر چکے تھے۔