سبزیاں اور پھل کھانے کے بے شمار فوائد ہیں، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ انسان سبزی خور ہی بن جائے۔اب سائنسدانوں نے بھی محض سبزیوں اور پھلوں پر اکتفا کرنے والوں کو انتہائی بری خبر سنا دی ہے۔دی انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی آف برسٹل اور امریکہ کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے سائنسدانوں نے مشترکہ تحقیق میں بتایا ہے کہ ”سبزی خوروں کے ڈپریشن کا شکار ہونے کے امکانات بہت زیادہ ہوتے ہیں کیونکہ ان میں کئی غذائی اجزاءکی کمی واقع ہو جاتی ہے۔“
سائنسدانوں نے اس تحقیق میں ہزاروں مردو خواتین کا طبی ڈیٹا لے کر اس کا تجزیہ کیااور نتائج مرتب کیے۔ان کا کہنا تھا کہ ”اگرچہ سبزی خوری کو دل کی صحت مندی سے منسوب کیا جاتا ہے لیکن ہماری تحقیق میں ایسے لوگوں کے ڈپریشن میں زیادہ مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ہمارے خیال میں جو لوگ گوشت نہیں کھاتے ان میں وٹامن بی 12کی کمی واقع ہو جاتی ہے جو ممکنہ طور پر ان میں ڈپریشن کی وجہ ہو سکتی ہے تاہم سبزی خوری اور ڈپریشن کے مابین تعلق معلوم کرنے کے لیے اس پر مزید تحقیق کی جانی چاہیے۔“