آپ کے بورڈنگ پاس پر لگی ‘SSSS’ سٹیمپ کا کیا مطلب ہوتا ہے؟ جان کر آپ کسی بھی حال میں نہیں لگنے دیں گے

واشنگٹن(نیوز ڈیسک) فضائی مسافروں کے بورڈنگ پاس پر کئی طرح کی مہریں ثبت ہو سکتی ہیں لیکن جس مسافر کے بورڈنگ پاس پر انگریزی حروف SSSS کی مہر ثبت ہو جائے اس کے لئے تو فضائی سفر ایک بھیانک خواب کی حیثیت اختیار کر جاتا ہے۔

یہ حروف امریکی ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی ایڈمنسٹریشن (ٹی ایس اے) استعمال کرتی ہے جو کہ ’سیکنڈری سکیورٹی سکریننگ سلیکشن‘ یا ’سیکنڈری سکیورٹی سکریننگ سلیکٹی‘ کے مخفف ہیں۔ ان حروف کے اصل مطلب کا راز 2009ءمیں اس وقت کھلا جب ٹی ایس اے کی ایک ہینڈ بک اتفاقاً آن لائن لیک ہوگئی تھی۔

جن فضائی مسافروں کے بورڈنگ پاس پر ان حروف کی مہر لگی ہوتی ہے وہ چیک ان کیلئے مشین کو استعمال نہیں کرسکتے۔ انہیں چیک ان کرنے کیلئے ڈیسک پر ہی جانا پڑے گا جہاں ان سے دوسرے مسافروں کی نسبت بہت زیادہ اور تفصیلی سوالات پوچھے جاتے ہیں۔ اس مسافر کو ہر چیک پوسٹ پر تفصیلی طور پر چیک کیا جائے گا۔ خاص طور پر ٹی ایس اے کے ایجنٹ اس کی مکمل تلاشی لیں گے اور اس کے سامان کا بھی انتہائی باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔

کسی بھی مسافر کے بورڈنگ اس پر یہ مہر لگنے کی کئی طرح کی وجوہات ہو سکتی ہیں۔ بعض اوقات تو ٹکٹ کی ادائیگی کیش میں کرنے یا کسی خطرناک مقام کا سفر اختیار کرنے کی صورت میں بھی یہ مہر بورڈنگ پاس پر لگ سکتی ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ کسی بے بنیاد شک کی بناءپر یہ مہر آپ کے بورڈنگ پاس پر بار بار لگائی جا رہی ہو۔ اگر آپ کو ایسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے تو امریکی ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی سے رابطہ کرکے جان سکتے ہیں کہ آپ کے ساتھ ایسا کیوں کیا جارہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں