طہارت کے جو اصول اسلام نے 1400سال قبل بتا دیئے تھے وہ اہل مغرب کی سمجھ میں اب آ رہے ہیں اور ایک سائنسدان نے کتاب لکھ کر لوگوں کو بتایا ہے کہ ٹوائلٹ استعمال کرنے کے بعد انہیں طہارت کے لیے کیا کرنا چاہیے۔ دی مرر کی رپورٹ کے مطابق روز جارج نامی اس خاتون سائنسدان نے اپنی کتاب میں بتایا ہے کہ ”ٹوائلٹ میں فراغت کے بعد ٹشو پیپر کا استعمال صحت اور حفظان صحت دونوں کے لیے انتہائی نقصان دہ ہوتا ہے۔ اس سے نہ صرف جسم کے مخصوص حصے کی جلد خراب ہو سکتی ہے اور شدید تکلیف کا باعث بنتی ہے بلکہ انجام کار انسان کو بواسیر لاحق ہونے کا خطرہ بھی بہت زیادہ ہو جاتا ہے۔“
روز جارج نے مزید لکھا ہے کہ ”ٹشوپیپرز غلاظت کو پونچھ دیتے ہیں لیکن اسے صاف نہیں کرتے، چنانچہ آدمی اسی غلاظت کے ساتھ تمام دن پھرتا رہتا ہے اور سمجھتا ہے اس کا جسم بالکل صاف ہے حالانکہ ایسا نہیں ہوتا۔ٹوائلٹ کے بعد جسم کو اچھی طرح صاف کرنے کے لیے پانی کا استعمال اشد ضروری ہے اور یہ طریقہ دنیا کے کئی ممالک میں رائج ہے لیکن امریکہ اور برطانیہ میں لوگ پانی کا استعمال بہت کم کرتے ہیں۔اس حوالے سے میں سمجھتی ہوں کہ ان دونوں ملکوں کے لوگ اب بھی کسی قدیم زمانے میں رہ رہے ہیں۔“