بھارت کے معروف میوزک شو انڈین آئیڈیل کے سابق اُمیدوار سورج بہادر کو دو درجن سے زائد چوریاں اور ڈکیتیاں کرنے کے جُرم میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سورج بہادر کو مارشل آرٹس میں دو مرتبہ گولڈ میڈل سے بھی نوازا جا چکا ہے جبکہ انہوں نے انڈین آئیڈیل میں بھی اپنی آواز کا جادو جگا پر خوب داد سمیٹی اور نام کمایا۔
تاہم اس مرتبہ سورج بہادر کو تذلیل کا سامنا اُس وقت کرنا پڑا جب پولیس نے سورج کو دو درجن سے زائد ڈکیتیوں اور چوریاں کرنے کے جُرم میں گرفتار کر لیا۔ میڈیا کے کچھ نمائندگان سورج کی گائیکی کے دلدادہ تھے، لہٰذا گرفتاری کے بعد سورج سے بات چیت کرتے ہوئے میڈیا نمائندگان نے ”عشق صوفیانہ” کی فرمائش کی جسے سورج نے پورا بھی کیا۔ 28 سالہ نوجوان کو شریک جُرم انیل کے ہمراہ گرفتار کیا گیا۔
ان دونوں کو دہلی میں ایک ڈکیتی کی اطلاع ملنے پر حراست میں لیا گیا تھا، ڈکیتی کا نشانہ بنے تین افراد نے پولیس کو بتایا کہ ان پر پہلے سپرے کیا گیا جس کے بعد ڈاکو گن پوائنٹ پر ان کی نقدی اور قیمتی اشیا لے اُڑے۔ سورج بہادر نے پولیس حراست میں دو درجن سے زائد ڈکیتیوں ، چوریوں اور اسلحے کے استعمال کا اعتراف کیا۔ ڈی سی پی ایم این تیواری نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے ایک اسکوٹر،32 بور کارتوس اور پستول برآمد کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سورج کو پہلی مرتبہ گرفتار نہیں کیا گیا ، بلکہ اس سے قبل بھی 2014ء میں سورج بہادر کو جنگ پوری ایریا سے گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد پولیس نے سورج کے قبضے سے 49 چوری شدہ موبائل فونز برآمد کیے تھے۔ سورج، جو دو مرتبہ قومی سطح پر گولڈ میڈل لے چکا ہے،کے خلاف 24 کیسز ہیں۔