) کمر کا درد ایسی موذی بلا ہے کہ جسے اپنے شکنجے میں جکڑ لے اس کے لئے چلنا پھرنا دوبھر ہو جاتا ہے اور بعض تو ہلنے جلنے سے بھی معذور ہو جاتے ہیں۔ اکثر اس بیماری میں ’شیاٹک عصبی رگ‘ متاثر ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے کمر سے شروع ہونے والا درد ٹانگ کے زیریں حصے تک پہنچ جاتا ہے اور یوں انسان ایک زندہ لاش بن کر رہ جاتا ہے ۔ اگرچہ اکثر لوگ سالہا سال کے علاج کے باوجود اس مصیبت سے نجات نہیں پاسکتے لیکن برطانیہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے تو انتہائی حیرت انگیز بات بتا دی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ’بھنگ کے تیل‘ نے اس کا کمر درد دیکھتے ہی دیکھتے ختم کر دیا ہے۔
دی میٹرو کے مطابق برینڈا ڈیوڈسن نامی اس خاتون کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ 13 سال سے کمر درد کی بیماری میں مبتلا تھی۔ برینڈا کا کہنا ہے کہ انہیں اس تیل کے بارے میں ان کی ہیئر ڈریسر نے بتایا تھا۔ انہوں نے ایک آن لائن شاپنگ ویب سائٹ سے CBDآئل (وائٹ ایڈیشن) کی 10ملی لیٹر کی بوتل 54 پاﺅنڈ (تقریباً ساڑھے سات ہزار پاکستانی روپے) میں خریدی۔برینڈا کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ پر اس تیل کی بہت سی اقسام دستیاب ہیں لیکن انہوں نے احتیاط کے تقاضے کے پیش نظر CBDبرادرز کمپنی کا تیل خریدا، جس کی انہوں نے اچھی شہرت سن رکھی تھی۔ برینڈا کے مطابق انہیں ہفتے کے روز تیل کی بوتل موصول ہوئی اور پیر تک ان کا درد بالکل غائب ہوچکا تھا۔
سی بی ڈی برادرز‘ کی ویب سائٹ کے مطابق یہ تیل ’کینا بائی ڈائیول‘ سے کشید کیا جاتا ہے، جو کہ بھنگ کے پودے سے حاصل ہونے والے 80سے زائد ’کینا بائی نائیڈز‘ قدرتی مرکبات میں سے ایک ہے۔ ویب سائٹ پر یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ تیل نشہ آور نہیں اور نہ ہی اس کے سائیڈ ایفیکٹ ہیں۔