سیف علی خان کا پاکستانی بھائی سامنے آگیا، جائیداد سے اپنا حصّہ مانگ لیا۔

بھوپال کے آخری نواب حمید اللہ خان کی تقریباً 5 ہزار کروڑ کی جائیداد ایک بار پھر تنازع کی زد میں آ گئی ہے کیونکہ ایک پاکستانی شہری نے اپنا حصہ مانگ لیا ہے۔

انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک پاکستانی شہری عارف مرزا نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ بالی ووڈ کے مشہور اداکار سیف علی خان کا رشتہ دار بھائی ہے، اس لیے ریاست بھوپال کی جائیداد میں اسے بھی حصہ دیا جائے۔ ایک اندازے کے مطابق اس جائیداد کی مالیت تقریباً 5 ہزار کروڑ ہے۔ اس معاملے میں سیف علی خان پہلے ہی قانونی جنگ میں الجھے ہوئے ہیں لیکن پاکستانی بھائی کی انٹری نے اس کیس میں نیا موڑ لے لیا ہے۔ پاکستانی شہری عارف مرزا نے جبل پور ہائیکورٹ میں ایک درخواست بھی دائر کی ہے۔ عارف مرزا کا دعویٰ ہے کہ ان کی پیدائش ناگپور میں ہوئی تھی اور انہوں نے ابتدائی تعلیم بھی بھارت میں ہی حاصل کی تھی۔ تاہم وہ اپنی والدہ کے ساتھ پاکستان چلے گئے تھے اور ویزہ کی دشواریوں کی وجہ سے وہ واپس نہیں آ سکے تھے۔ پاکستانی شہری کا دعویٰ ہے کہ ان کی والدہ بھوپال کے نواب حمید اللہ خان کی بیٹی کی چھوٹی بیٹی تھیں۔ ان کی نانی رابعہ سلطان کی پیدائش اور وفات بھوپال میں ہی ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ ہندوستان کی ریاست بھوپال کے آخری نواب حمید اللہ خان کی جائیداد شروع سے ہی تنازع میں ہے۔ منصور علی خان پٹودی کی ماں ساجدہ سلطان بھی بھوپال کے آخری نواب کی بیٹی تھیں۔ منصور علی خان کی پیدائش بھی بھوپال میں ہوئی تھی۔ نواب حمید اللہ خان کی بڑی بیٹی عابدہ سلطان تقسیم کے وقت پاکستان چلی گئی تھیں، جس کی وجہ سے ان کی چھوٹی بیٹی ساجدہ جائیداد کی حقدار بنی تھیں۔ نواب منصور علی خان پٹودی ساجدہ کے ہی بیٹے تھے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ نواب حمید اللہ خان کی بڑی بیٹی عابدہ کے پاکستان جانے کی وجہ سے ہی حکومت نے بھوپال کے آخری نواب کی جائیداد کو متنازع قرار دیا تھا جبکہ ساجدہ کی وفات کے بعد بھوپال ریاست کی کمان ان کے بیٹے اور کرکٹر منصور علی خان پٹودی کو سونپ دی گئی جس کی بنیاد پر ہی سیف علی خان کو ان جائیداد کا حقدار مانا جاتا ہے۔ پاکستانی عارف مرزا کے دعویٰ کو سیف علی خان کی جانب سے عدالت میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں