وفاق نے کراچی میں 4 سال سے جاری آپریشن کا اہم ترین مرحلہ جلد شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔اس مرحلے میں قانون نافذکرنے والے ادارے ’’انٹیلی جنس اطلاعات ‘‘ کی روشنی میں آپریشنل کا رروائیوں کے ذریعے کراچی کو غیرقانونی اسلحہ سے پاک کرنے کے ساتھ ساتھ کالعدم تنظیموں، دہشت گرد گروپس، مختلف جماعتوں کے عسکری ونگزکے مالی ذرائع کے نیٹ ورک کا مکمل طور خاتمہ کریں گے۔
اس مرحلے کا مقصد عام انتخابات سے قبل کراچی میں’’ پرامن اور سازگار ماحول ‘‘ کو مکمل طور پر قائم کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاق کے اہم ترین حلقوں میں4سال سے کراچی میں جاری آپریشن کے حوالے سے اہم ترین مشاورت اور جائزہ لیا گیا۔کراچی آپریشن کی موجودہ حکمت عملی پرمکمل طوراطمینان کا اظہار کیا گیا ہے ذرائع نے کہاہے کہ وفاق نے کراچی آپریشن میں مزید تیز ی لانے اور آئندہ مرحلہ کواہم حکمت عملی کے تحت فوری شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔