لاہوری لڑکی سارش خان نے مس پاکستان یو ایس اے 2015ءکا ٹائٹل جیت کر سب کو حیران کر دیا اور سوشل میڈیا پر اب ان کا خوب چرچا ہو رہا ہے۔ اگرچہ انٹرنیٹ صارفین اب ان کے نام سے خوب آگاہ ہوچکے ہیں لیکن بہت سی باتیں ایسی ہیں جو اب بھی لوگوں کو معلوم نہیں۔ کچھ ایسی ہی باتوں کا تذکرہ ویب سائٹ Parhlo کی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق سارش خان پاکستان فلم انڈسٹری کے مشہور جوڑے صبیحہ خانم اور سنتوش کمار کی نواسی ہیں۔ وہ لاہور میں پیدا ہوئیں لیکن اپنے والد کی وفات کے بعد اپنے خاندان کے ساتھ امریکہ منتقل ہوگئیں۔ سارش خان ایک دلکش ماڈل ہونے کے ساتھ انٹرنیشنل ہیومن رائٹس لاءکی ڈگری بھی رکھتی ہیں۔ انہوں نے یہ ڈگری جاج میسن یونیورسٹی سکول آف لاءسے حاصل کی۔ وہ اداکاری سے بھی دلچسپی رکھتی ہیں اور نیویارک فلم اکیڈمی سے تربیت حاصل کرنے کے بعد اپنے کیریئر کا آغاز کرنے کے لئے کراچی میں ہیں۔
شارش خان ادارے کمپری ہینسو ڈیزاسٹر رسپانس سروسز کے لئے ویمن امپاورمنٹ ایمبیسیڈر کے طور پر بھی کام کرتی ہیں۔ وہ اپنی تمام تر مصروفیات کے باوجود اپنے گھر والوں کے ساتھ وقت گزارنا بہت پسند کرتی ہیں اور اپنی کامیابیوں کا کریڈٹ اپنی والدہ کو دیتی ہیں۔ سارش خان حقوق نسواں سے خصوصی دلچسپی رکھتی ہیں اور مستقبل میں عورتوں کے حقوق کے لئے بھرپور خدمات سرانجام دینے کے لئے بھی پرعزم ہیں۔