وہ انسان جن پر ایڈز کا وائرس حملہ نہیں کرتا، یہ کون ہیں اور کہاں رہتے ہیں؟ ایسا انکشاف منظر عام پر کہ دنیا بھر کے سائنسدان ششدر رہ گئے

دنیا میں ہر سال لاکھوں افراد ایڈز کا شکار بنتے ہیں اور خصوصاً افریقہ میں تو اس بیماری کا پھیلاﺅ خوفناک حد تک زیادہ ہے، لیکن سائنسدانوں نے یہ انکشاف کرکے سب کو حیران کردیا ہے کہ جنوبی افریقہ میں بچوں کا ایک ایسا گروپ بھی ہے جو ایڈز کے وائرس کے خلاف مزاحمت رکھتا ہے۔ ایڈز کا وائرس ان کے جسم میں داخل ہونے کے باوجود ان میں بیماری نہیں پھیلا سکتا۔

بزنس انسائیڈر کی رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے ایڈ زکے خلاف قدرتی مدافعت کی مثال صرف صرف جانوروں کی کچھ اقسام میں ملتی تھی۔ جانوروں میں یہ مدافعت نیچرل سلیکشن کے قدرتی ارتقائی عمل سے پیدا ہوتی ہے۔ جنوبی افریقہ میں ایڈز کے خلاف مدافعت رکھنے والے بچوں نے دنیا بھر کے ماہرین کو حیران کر دیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ 170 بچوں کے ٹیسٹ کئے گئے ۔ یہ سب ایچ آئی وی پازیٹو تھے، یعنی ایڈز کا وائرس ان کے جسم میں تھا، لیکن ان میں ایڈز کی بیماری نہ تھی۔ مزید حیرت کی بات یہ تھی ان کے مدافعتی نظام نسبتاً زیادہ مضبوط تھے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ دریافت انسانوں میں بھی ایڈز کے خلاف ارتقائی مدافعت کی جانب اشارہ کر رہی ہے۔ ماہرین ان بچوں پر تحقیق کو آگے بڑھاتے ہوئے یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ان کے مدافعتی نظام سے ایڈز کے عام مریضوں کے علاج کے بارے میں کیا سیکھا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں