ارب پتی امراءکے ذاتی جہازوں میں موجود آسائشیں اگرچہ نظر کو خیرہ کر دینے والی ہی ہوتی ہیں لیکن گزشتہ دنوں ایک ایسے ہی جہاز کے اندرونی مناظر کی ویڈیو منظرعام پر آگئی جس کی لگژری سہولیات نے ایک دنیا کو ورطہ¿ حیرت میں ڈال دیا ہے۔ برطانوی اخبار ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق یہ جہاز ابوظہبی کے ولی عہد شہزادہ شیخ محمد بن زید النہیان کا ہے جو گزشتہ دنوں بھارت کے دورے پر آئے تھے جہاں انہوں نے بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریب میں شرکت کی تھی۔ وہ 18ارب پاﺅنڈ(تقریباً23کھرب66ارب64کروڑ روپے) دولت کے مالک ہیں۔
رپورٹ کے مطابق منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے کی چھت لیموزین سٹائل میں اور خوشنما روشنیوں سے سجائی گئی ہے۔ اس میں کئی کمرے بنائے گئے ہیں جن میں ایک بیڈ روم ہے۔ اس میں ایک لگژری ڈبل بیڈ اور دیگر آسائشیں موجود ہیں۔ ایک کمرے میں 10آرام دہ لگژری صوفے ایک دائرے میں رکھے ہوئے ہیں۔ ایک کمرے میں سنیما سکرین کے سائز جتنی بڑی ٹی وی سکرین لگی ہوئی ہے اور اس کے رنگ سے لگتا ہے کہ یہ سونے کی بنی ہوئی ہے۔ طیارے میں اس کے علاوہ بھی 2ٹی وی لاﺅنج موجود ہیں۔ ایک بہت بڑا باتھ روم ہے جو شہزادے کے لیے ہے جبکہ مہمانوں کے لیے بھی کچھ باتھ بنائے گئے ہیں۔سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی اس ویڈیو کو اب تک ہزاروں افراد دیکھ چکے ہیں۔