آپ نے درختوں پر طرح طرح کے پھل اُگتے تو ضرور دیکھے ہوں گے لیکن کبھی کسی درخت پر عورتیں اگتی نہیں دیکھی ہوں گی۔ اگر آپ یہ عجیب و غریب نظارہ اپنی آنکھوں سے دیکھنا چاہتے ہیں تو تھائی لینڈ کے دارالحکومت میں واقع ایک قدیم بدھ مندر کا دورہ کر سکتے ہیں۔
خبار ڈیلی میل کے مطابق حال ہی میں سامنے آنے والی ویڈیو میں تھائی لینڈ کے قدیم بدھ مندر میں موجود مقدس درخت نریفون کو دکھایا گیا ہے۔ درخت پر جابجا سبز رنگ کے پھل لٹکتے نظر آتے ہیں جو ہو بہو عورت کی شکل کے ہیں۔ یہ عورت نما پھل ٹہنیوں پرلٹکے ہیں اور کچھ تو شگوفوں کی صورت میں پھوٹ رہے ہیں۔ کچھ مکمل نظر آتے ہیں تو کچھ کا دھڑ پتوں میں سے برآمد ہوتا نظر آتا ہے۔
تھائی لینڈ کی ایک لوک داستان کے مطابق دیوتا اندرا نے اپنی بیوی کے تحفظ کے لئے ہیما فان جنگل میں یہ درخت لگائے جنہیں نریفون کہا جاتا ہے۔ بنکاک کے نواح میں واقع سنگ بوری بدھ مندر میں بھی ایک ایسا ہی درخت موجود ہیں اور خیال کیا جاتا ہے کہ یہ ویڈیو اسی درخت کی ہے۔
اگرچہ تھائی لینڈ میں یہ داستانیں عام پائی جاتی ہیں کہ اس مقدس درخت کا پھل نوجوان لڑکیوں کی شکل کا ہوتا ہے، لیکن انٹرنیٹ صارفین اس بات کو بعید از قیاس قرار دیتے ہوئے شک ظاہر کر رہے ہیں کہ یہ کوئی شعبدہ بازی ہے۔