اگر آپ کا سر سامنے اور درمیان سے گنجا ہو رہا ہے، اور اس گنجے پن نے آپ کے چہرے سے مسکراہٹ چھین لی ہے اور آپ ہر وقت دکھی رہتے ہیں تو یقینا یہ خبر آپ کیلئے خوشی کا باعث ہوگی۔ جنوبی کوریا کی شونگ بوک نیشنل یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے ایک حالیہ تحقیق میں دریافت کیا ہے کہ جو مرد اس قسم کے گنجے پن کی دوا Finasteride استعمال کرتے ہیں ان میں پراسٹیٹ کینسر کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔
ڈیلی سٹار کے مطابق سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ پراسٹیٹ کینسر کی بنیادی وجہ پی ایس اے (پراسٹیٹ سپیسفک اینٹی جین) ہے جو پراسٹیٹ خلیوں میں پیدا ہوتا ہے اور پراسٹیٹ کینسر کا خطرہ پیدا کرتا ہے۔ فینا سٹیرائیڈ نامی دوا، جسے عام طور پر Propeciaکے نام سے بھی فروخت کیا جاتا ہے، ڈائی ہائیڈرو ٹیسٹاسٹیرون نامی ہارمون کی افزائش کو روکتی ہے۔ یہ ہارمون بالوں کے گرنے کا سبب بنتا ہے۔
سائنسدانوں نے اس تحقیق کے دوران 1379 مردوں پر گنجے پن کے علاج کیلئے استعمال ہونے والی دوا کے اثرات کا مطالعہ کیا۔ تحقیق کے سربراہ ہو وان کانگ کا کہنا تھا کہ فینا سٹیرائیڈز کے استعمال سے نہ صرف بال گرنے کی شرح کم ہوجاتی ہے بلکہ پی ایس اے کا لیول بھی اوسطاً27.8 فیصد کم ہوجاتا ہے۔ا س کا لیول کم ہونے سے پراسٹیٹ کینسر کے اثرات بھی کم ہوجاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں مزید تحقیق اور تجربات کی ضرورت ہے تاکہ عالمی سطح پر مستند اور تصدیق شدہ نتائج حاصل کئے جاسکیں۔