)ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہاہے کہ میں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ معیشت غیر مستحکم ہے ،احسن اقبال کے بیان پر بطور فوجی مایوسی ہوئی ہے، جب میں یہاں کھڑا ہو کر بات کرتاہوں تو میری ذاتی بات نہیں ہوتی ،میں پاک فوج کا ترجمان ہوں ،میں اپنے الفاظ پر قائم ہوں،آئین اور قانون کے مطابق بات کی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اگر سیکیورٹی اچھی نہیں ہے تو معیشت کیسے اچھی ہو گی ،میری آپ ساری پریس کانفرنس دیکھ لیں میں نے کبھی یہ نہیں کہاکہ پاک فوج نے بہت کام کیا بلکہ ہم سب نے بہت کام کیاہے ،کوئی بھی ادارہ اکیلا کام نہیں کر سکتا ۔ان کا کہناتھا کہ جمہوریت کیلئے کوئی خطرہ نہیں ہے اور نہ ہی ایسا کوئی کام ہو گا جس سے جمہوریت کو خطرہ ہو ۔
ان کا کہناتھا کہ میں احسن اقبال پاکستانی شہری اور فوجی کے طور پر بہت مایوس ہوا ہوں، معیشت پر ایک سمینار کراچی میں ہوا ، جس میں تین وزرائے خزانہ تھے ، سینیٹرز بھی تھے ، اور ماہرین معیشت بھی تھے جس میں آرمی چیف نے بھی خطاب کیا تھا۔ ان کا کہناتھا کہ جب میں یہاں کھڑا ہو کر بات کرتاہوں تو میری ذاتی بات نہیں ہوتی ،میں پاک فوج کا ترجمان ہوں ،میں اپنے الفاظ پر قائم ہوں،آئین اور قانون کے مطابق بات کی ۔ملک اس وقت ترقی کرے گا جب تک ہم سب مل کر کام کریں گے، پاک آرمی ہر وہ کام کرے جو ملک کے لئے بہتر ہوگا۔
واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے معیشت پر گفتگو کی گئی تھی جس پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے رد عمل دیتے ہوئے کہاتھا کہ ڈی آئی ایس پی آر کو معیشت پر تبصرے سے گریز کرنا چاہیے ۔