آسٹریا میں مسلم خواتین کے برقع پہننے اور نقاب لینے پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔ گزشتہ روزآسٹرین پولیس نے اس پابندی کے تحت ایک ایسے شخص کو گرفتار کر لیا کہ جان کر ہر کوئی حیران رہ گیا ہے۔ دی مرر کی رپورٹ کے مطابق ایک شخص ایپل آئی فونز کے ایک نئے سٹور کے باہر شارک مچھلی جیسا لباس پہنے کھڑا تھا۔ اپنی افتتاحی تقریب کے لیے سٹور نے بطور میسکٹ (Mascot)اس کی خدمات حاصل کر رکھی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق پولیس وہاں آ گئی اور اس کے شارک جیسے لباس کو برقع سے تشبیہ دیتے ہوئے اسے اتارنے کا حکم دیا لیکن اس نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی نوکری کر رہا ہوں۔ اس پر پولیس نے اسے گرفتار کر لیا اور 130پاﺅنڈ (تقریباً 18 ہزار روپے)جرمانہ وصول کرکے چھوڑ دیا۔اس شخص کا تعلق وارڈا نیٹ ورک نامی ایڈورٹائزنگ ایجنسی سے تھا۔ ایجنسی نے اس واقعے کے بعد فیس بک پر لکھا ہے کہ ”آج ہمارے ایک شارک میسکٹ کو جرمانہ کر دیا گیا۔ اب ہم میسکٹس کے متعلق اپنی پالیسی پر نظرثانی کر رہے ہیں تاکہ آئندہ ایسی صورتحال سے بچ سکیں۔“