یہ بات تو ایک دنیا جانتی ہے کہ دنیا کی واحد سپر پاور امریکا، اسرائیل کی غلامی پر مجبور ہے، لیکن اس چھوٹے سے ملک کے پاس ایسی کیا طاقت ہے کہ امریکا جیسا طاقتور ملک اس کے سامنے بے بس ہے۔ اس بارے میں کچھ انتہائی حیرت انگیز انکشافات قطری نیوز نیٹ ورک الجزیرہ سامنے لے آیا ہے، جس نے امریکہ میں ایک اسرائیل نواز ادارے میں اپنے خفیہ رپورٹر کو داخل کر کے پردہ فاش کر دیا ہے کہ اسرائیلی لابی امریکہ میں کیسے کام کرتی ہے۔
ویب سائٹ ہارٹز کے مطابق الجزیرہ کے ڈائریکٹر آف انویسٹی گیٹو رپورٹنگ کا کہنا ہے کہ عنقریب ا ن کے ٹی وی چینل پر اس خفیہ رپورٹر کی حاصل کردہ معلومات پر مبنی تہلکہ خیز ڈاکومنٹری نشر کی جائے گی۔ اس سے پہلے الجزیرہ کے ایک خفیہ رپورٹر نے برطانیہ میں اسرائیلی لابی کے بارے میں اسی طرح کے انکشافات کئے تھے، جس کے نتیجے میں برطانیہ میں تعینات ایک سینئر اسرائیلی سفارتکار کو استعفیٰ دینا پڑگیا تھا۔
برطانوی حکام نے ان انکشافات کو انتہائی سنجیدہ کام قرار دیا تھا کیونکہ اس میں اسرائیلی سفارتخانے اورخصوصاً اس کے سینئر پولیٹیکل آفیسر شائی ماسوط کی سرگرمیوں کا پردہ چاک کیا گیا تھا۔ امریکہ میں موجود خفیہ رپورٹر بھی اپنا کام انہی دنوں کررہا تھا جب برطانیہ میں موجود خفیہ رپورٹر اسرائیلی لابی کے بارے میں معلومات اکٹھی کررہا تھا۔
برطانیہ کے بارے میں الجزیرہ کی ڈاکومنٹری کے متعلق برطانوی سرکاری ادارے آفکام کے فیصلے کا انتظار کیا جارہا تھا۔ اب جبکہ یہ فیصلہ مثبت آیا ہے تو امریکہ میں کام کرنے والے خفیہ رپورٹر کی حاصل کردہ معلومات کو بھی سامنے لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ امریکا اس پر کیا ردعمل ظاہر کرے گا۔