عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات دھماکے دار اعلان کردیا گیا

اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے طالبان اور امریکا کے مابین مذاکرات میں پیش رفت کے بعد وزیر اعظم عمران خان اور امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات کا عندیہ دیدیا۔شاہ محمود قریشی نے ایک انٹرویومیں کہا کہ دوحہ میں جاری مذاکرات میں پیش رفت سے دونوں اہم رہنماؤں کی ملاقات کے لیے راہ ہموار ہوگی۔اس سوال

کے جواب میں کہ کیا طالبان اور امریکا کے مذاکرات میں پیش رفت دونوں رہنماؤں کی ملاقات سے مشروط ہے؟ انہوں نے کہا کہ اس کو مشروط مت قرار دیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اگر بات چیت کا مرحلہ آگے بڑھتا ہے تو ماحول بہت سازگار ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ دونوں وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اہم شخصیات ہیں اور دونوں ہی خطے میں امن اور استحکام کے خواہاں ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا اور طالبان کے مابین دوحہ میں مذاکرات تاحال جاری ہیں جو خطے میں امن اور استحکام میں پیش رفت کا باعث بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں مزید پیش رفت کا امکان ہے جس سے واشنگٹن اور اسلام آباد کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔شاہ محمود قریشی نے ایران سے تعلقات سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ بعض طاقتیں تہران اور اسلام آباد کے مابین تعلقات میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہیں تاکہ اپنا ذاتی ایجنڈا حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہاکہ جب کبھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی گئی تب تب ایران اور پاکستان نے اعلیٰ سطح پر دوطرفہ مذاکرات کے ذریعے ’ہر منفی‘ کوشش کو

ناکام بنادیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ایسی طاقتیں ہیں جو ایران کو خطے میں خطرہ سمجھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ طاقتیں کون سی ہیں وہ اس حوالے سے ابھی نام نہیں لے سکتے۔سعودی عرب کو درپیش سیکیورٹی خدشات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان، ریاض کے ساتھ کھڑا ہے اور جب کبھی خطرہ ہوا ہم ہر ممکنہ خدمات پیش کریں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانی وفد چین میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے وفد کو منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی ماونت سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق آگاہ کر رہا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جون میں ہونے والے ‘ایف اے ٹی ایف’ اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا جائیگا۔واشنگٹن کی جانب سے تین سرکاری افسران پر ویزا پابندی عائد کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عائد کردہ پابندی ’عارضی‘ ہے۔انہوں نے کہا کہ بے دخلی سے متعلق مسائل بڑی حد تک حل کر لیے گئے ہیں ، ویزا پر پابندی جلد ختم ہو جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں