اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو گورنر پنجاب بنائے جانے کا امکان ہے۔اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے اسد عمر کے زخموں پر مرہم رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔پنجاب حکومت میں بڑی تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے،۔،اسد عمر کی وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات ہو گی۔
ملاقات میں ممکنہ طور انہیں پنجاب کی گورنر شپ کی پیشکش کی جائے گی۔گورنر پنجاب چوہدری سرور کو عہدے سے ہٹانے یا ان کے ازخود استعفیٰ کے بعد اسد عمر کو پنجاب کا گورنر بنانے کی پیشکش کی جائے گی لیکن فیصلہ ان کی رضامندی سے کیا جائے گا،تاہم دوسری طرف گورنر پنجاب نے ایسی خبروں کی تردید کر دی ہے۔اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سابق وزیر خزانہ اسد عمر دوبارہ سے وفاقی کابینہ میں شمولیت کیلئے سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔رپورٹس کے مطابق سابق وزیر خزانہ اسد عمر اپنے دوست احباب کے ساتھ وفاقی کابینہ میں دوبارہ شمولیت سے متعلق مشاورت کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسد عمر کو ان کے دوست احباب کی جانب سے وفاقی کابینہ میں دوبارہ شامل ہو جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان بھی متعدد مرتبہ اسد عمر کو وفاقی کابینہ میں دوبارہ شامل کرنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔جبکہ تحریک انصاف کے بیشتر رہنما اسد عمر کی وفاقی کابینہ میں واپسی کے حق میں آواز بلند کر چکے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے اسد عمر کو وزارت پیٹرولیم کی پیش کش کی تھی۔ ذرائع کے
مطابق اسد عمروزارت پیٹرولیم کا قلمدان قبول کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔ آئندہ چند روز میں اس حوالے سے صورتحال واضح ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ اسد عمرتحریک انصاف کی حکومت کے وزیر خزانہ تھے۔ تاہم کچھ روز قبل وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کے دوران اسد عمر سے وزارت خزانہ کا قلمدان واپس لے لیا گیا تھا۔