لاہور(نیوزڈیسک) وزیرخوراک پنجاب سمیع اللہ چودھری نے گندم کی امدادی قیمت کا اعلان کردیا ہے، گندم کی فی من قیمت 1300روپے مقرر کی گئی،رواں سال 130ارب سے زائد رقم کی گندم خریدیں گے، گندم خریداری کیلئے 384 مراکز قائم کیے جائیں گے،22 اپریل سے باردانہ کی تقسیم شروع کی جائے گی۔ وزیرخوراک پنجاب سمیع اللہ چودھری نے آج
ایوان وزیراعلیٰ پنجاب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزراء کو تبدیل کرنے کی تردید کردی، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام وزراء کی کارکردگی بہترین ہے۔ وزیرخوراک سمیع اللہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں۔ پارٹی کے غیرمنتخب افراد عثمان بزدار کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ میرے خلاف سازش ہورہی ہے لیکن ڈٹ کا مقابلہ کروں گا۔ وزارت رہے نہ رہے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ میں نے 8 مہینوں میں وزارت کی کارکردگی بہتر بنائی ہے۔ ہم نے صرف اپنی کارکردگی کا جواب دینا ہے۔ وزیرخوراک پنجاب نے کہا کہ گندم کی فی من امدادی قیمت 1300روپے مقرر کردی ہے۔ رواں سال گندم ماضی کی نسبت زیادہ خریدیں گے۔ اس سال 130ارب سے زائد رقم کی گندم خریدیں گے۔ گندم خریداری کیلئے 384 مراکز قائم کیے جائیں گے۔ حصول باردانہ کیلئے سادہ کاغذ پر درخواستیں وصول کی جائیں گی۔درخواستیں وصول کرنے کیلئے 10 دن رکھے گئے ہیں۔ درخواست گزاروں کی 21 اپریل تک فہرستیں آویزاں کردی جائیں گی۔ جبکہ 22 اپریل سے باردانہ کی تقسیم شروع کردی جائے گی۔ وزیرخوراک نے کہا کہ کاشتکار
خوشحال ہوگا تو پاکستان بھی خوشحال ہوگا۔ تمام ڈپٹی کمشنر زاپنے اضلاع میں گندم خریداری کے انچارج ہوں گے۔ شفافیت کیلئے تمام سیکرٹریز گندم خریداری مراکز کی مانیٹرنگ کریں گے۔ کسانوں کی شکایات کے ازالے کیلئے کمیٹیاں بنائیں جائیں گی۔ اسی طرح کنٹرول روم بھی قائم کیے گئے ہیں۔ کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے ٹال فری نمبرز بھی جاری کیے گئے ہیں۔ کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔