کینبرا (ویب ڈیسک) آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے پاکستان کیخلاف متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں شیڈول 5 ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق معروف ترین باؤلر مچل سٹارک اور بال ٹمپرنگ میں سزا کاٹنے والے سٹیو سمتھ اور ڈیوڈ وارنر ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے۔آسٹریلین کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہونے
والے اعلان کے مطابق آسٹریلین ٹیم کی قیادت ایرون فنچ کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ایلکس کورے، پیٹ کومنز، جیسن بیرینڈورف، نتھن کولٹر نیل، پیٹر ہینڈزکومب، عثمان خواجہ، نتھن لیون، شاؤن مارش، گلین میکس ویل، جھئے رچرڈسن، کین رچرڈسن، مارکوس سٹوئنس، ایشٹن ٹرنر اور ایڈم زامپا شامل ہیں۔مچل سٹارک ایک مہینہ قبل سری لنکا کیخلاف کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوران انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کے باعث انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تاکہ وہ ورلڈکپ کیلئے مکمل طور پر فٹ ہو سکیں جس میں تین مہینے سے بھی کم وقت رہ گیا ہے، اور مچل سٹارک ورلڈکپ میں آسٹریلین کے اہم ترین باؤلر ثابت ہو سکتے ہیں۔سابق کپتان سٹیو سمتھ اور ڈیوڈ وارنر سیریز کے آخری دو میچوں سے قبل یعنی 28 مارچ کو اپنی سزا پوری کر لیں گے جبکہ پاکستان کیخلاف چوتھا میچ 28 ارچ اور پانچواں میچ 31 مارچ کو کھیلا جانا ہے اور وہ ٹیم کا حصہ ہونے کے اہل ہوں گے مگر اس کے باوجود انہیں نظرانداز کر دیا گیا ہے۔