سری نگر (ویب ڈیسک) بھارتی فورسز کی جانب سے چھاپوں اور گھر گھر تلاشی کے دوران جھڑپ کے نتیجے میں دو بھارتی افسران سمیت 7 اہلکار ہلاک ہو گئے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے شمالی ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوجی کی 22راشٹرایہ رائفلز، سی آر پی ایف کی 92 بٹالین اور دیگر فورسز نے سرچ آپریشن کیا اور گھر گھر کی تلاشی
لی۔بھارتی فوج کے اس عمل کے دوران فورسز اور مقامی کشمیریوں کے درمیان جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں سی آر پی ایف کے دو انسپیکٹر اور پانچ اہلکار ہلاک ہوئے جب کہ چند زخمی بھی ہوئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایک شخص کو جاں بحق سمجھا گیا تاہم جب بھارتی فوجی کے اہلکار اس کے نزدیگ گئے تو اس نے اٹھ کر فائرنگ شروع کر دی۔جس کے نتیجے میں بھارتی فوجی مارے گئے۔بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ایک راہ گیر بھی زخمی ہوا۔گذشتہ روز بتایا گیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے ہندوارا میں بھارتی فوج کے قافلے پر حملہ کیا گیا جس کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ بتایا گیا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران بھارت کی سی پی آر ایف فورس کے 3 اہلکار مارے گئے۔ جبکہ اس دوران کئی اہلکار شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ یہ حملہ نہیں تھا بلکہ بھارت کی سی پی آر ایف فورس اور پولیس کی جانب سے ہندوارا میں فوجی آپریشن کیا جا رہا تھا جب انہیں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھی بھارتی فوج پر حملہ ہوا تھا۔ مقبوضہ کشمیر کے
علاقے پلوامہ میں ہونے والے اس حملے میں 44 بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔ اس حملے کو مقبوضہ کشمیر کی تاریخ میں بھارتی فوج پر ہونے والا سب سے بڑا حملہ قرار دیا جاتا ہے۔